Time 05 جون ، 2024
صحت و سائنس

ہر رات کی اچھی نیند کا ایک اور فائدہ سامنے آگیا

ہر رات کی اچھی نیند کا ایک اور فائدہ سامنے آگیا
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

نیند کو صحت کے لیے بہت اہم قرار دیا جاتا ہے اور اب اس کا ایک اور فائدہ سامنے آیا ہے۔

اچھی نیند سے قوت ارادی اور شخصیت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

بیلور یونیورسٹی کی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ہر رات نیند کے دورانیے میں اوسطاً 46 منٹ کا اضافہ غنودگی اور مزاج کے چڑچڑے پن کے مسائل کی روک تھام کرتا ہے۔

اس کے مقابلے میں اوسطاً 37 منٹ کی نیند کی کمی سے شخصیت اور قوت ارادی پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

اس تحقیق میں 90 افراد کو شامل کیا گیا تھا اور انہیں 3 گروپس میں تقسیم کیا گیا۔

ایک گروپ کو رات کو دیر سے سونے، دوسرے کو جلد بستر پر جانے اور تیسرے کو کسی بھی وقت سونے کی ہدایت کی گئی اور پھر ایک ہفتے تک ان کا جائزہ لیا گیا۔

اس کے بعد نیند کے دورانیے سے شکر گزاری، قوت ارادی اور شخصیت پر مرتب اثرات کی جانچ پڑتال کی گئی۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ نیند میں دورانیے میں اضافے سے شخصیت اور مزاج پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

محققین نے بتایا کہ نیند کے دورانیے میں معمولی اضافے سے بھی ہماری صحت اور شخصیت بہتر ہوتی ہے اور زندگی کے بارے میں اطمینان کا احساس بڑھتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ حالیہ ڈیٹا سے عندیہ ملتا ہے کہ امریکا میں گزشتہ برسوں کے دوران خوشی کا احساس گھٹ گیا ہے جبکہ نیند کے مسائل عام ہو گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ تو پہلے سے معلوم ہے کہ نیند کی کمی سے ذہنی صحت کی علامات کی شدت بڑھ جاتی ہے مگر یہ جائزہ نہیں لیا گیا کہ نیند کے دورانیے میں اضافے سے شخصیت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل سلیپ میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :