Time 07 جون ، 2024
صحت و سائنس

ڈپریشن جیسے عام مرض سے بچنے کا آسان اور مزیدار طریقہ

ڈپریشن جیسے عام مرض سے بچنے کا آسان اور مزیدار طریقہ
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

ڈپریشن وہ ذہنی مرض ہے جو موجودہ عہد میں بہت تیزی سے پھیل رہا ہے اور یہ لوگوں کی زندگی منفی انداز سے بدل دیتا ہے۔

ڈپریشن ایک پیچیدہ ذہنی مرض ہے جس کے شکار افراد اکثر اداس رہتے ہیں جبکہ ہر وقت بے بسی کا احساس بھی ہو سکتا ہے۔

ہر فرد کو ہی زندگی میں کبھی نہ کبھی اداسی یا صدمے کے باعث ڈپریشن کی علامات کا سامنا ہوتا ہے۔

ڈپریشن محض 'دماغ' تک محدود رہنے والا مرض نہیں بلکہ اس کے نتیجے میں جسم بھی متاثر ہوتا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق عالمی سطح پر ڈپریشن کے کیسز کی شرح بہت زیادہ بڑھ چکی ہے۔

مگر اچھی بات یہ ہے کہ پھلوں کو کھانے کی عادت سے آپ اس مرض سے خود کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

یہ بات آسٹریلیا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

Kensington یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ پھلوں کے زیادہ استعمال سے ڈپریشن سے متاثر ہونے کا خطرہ نمایاں حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔

اس تحقیق میں 6 براعظموں سے تعلق رکھنے والے 7 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی۔

یہ سب افراد ڈپریشن سے محفوظ تھے اور محققین کی جانب سے ان کی غذائی عادات سے دماغی صحت پر مرتب اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

ان افراد کی صحت کی مانیٹرنگ 9 سال تک کی گئی اور دریافت ہوا کہ پھلوں کے زیادہ استعمال اور ڈپریشن کے خطرے میں کمی کے درمیان تعلق موجود ہے۔

البتہ سبزیوں کے زیادہ استعمال سے ڈپریشن کے خطرے میں کمی میں کوئی خاص کمی نہیں آتی۔

محققین کے مطابق ایک ممکنہ وجہ یہ ہے کہ سبزیوں کو پکا کر کھایا جاتا ہے جس سے ان کی غذائی اجزا متاثر ہوتے ہیں جبکہ پھلوں کو خام شکل میں کھایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پھلوں کے زیادہ استعمال سے ڈپریشن سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پھلوں میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس، غذائی فائبر اور وٹامنز سے دماغی صحت کو فائدہ ہوتا ہے جبکہ ورم اور تکسیدی تناؤ میں کمی آتی ہے۔

محققین کے مطابق اس حوالے سے مزید تحقیق کی جائے گی کہ کونسے پھلوں اور سبزیوں کا زیادہ استعمال ڈپریشن سے تحفظ فراہم کر سکتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل آف ایفیکٹیو ڈس آرڈرز میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :