08 جون ، 2024
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ گیری کرسٹن نےکہا ہےکہ امید ہےکہ بھارت کے خلاف میچ میں کم بیک کریں گے۔
نیویارک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گیری کرسٹن کا کہنا تھا کہ ہم کل بہترین کھیل پیش کریں گے، میں ماضی پر انحصار نہیں کرتا، بھارت اور پاکستان کے درمیان میچ ایک بڑا میچ ہے اور پلیئرز کو اس کا اندازہ ہے، پچھلی شکست کو بھلا کر اس میچ میں فوکس کرنا ہوگا، ٹی ٹوئنٹی میں صورتحال تیزی سے تبدیل ہوتی ہے، ہمیں فیصلہ سازی میں پھرتی لانا ہوگی۔
گیری کرسٹن کا کہنا تھا کہ عماد وسیم بھارت کے خلاف میچ میں دستیاب ہوں گے، ایک دو پلیئرز کی فٹنس دیکھ رہے اس لیے ابھی فائنل الیون کا فیصلہ نہیں ہوا، کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کا اندازہ ہے، ہمیں کنڈیشنز کے مطابق اپنا بہتر کھیل پیش کرنا ہے، اس گیم کے لیےکسی کو جوش دلانے کی ضرورت نہیں، جو دو روز قبل ہوا اس کو بھلا چکے، وہ ہوگیا، اب نیا میچ ہے، ہمیں بطور ٹیم اچھا کھیلنے کی ضرورت ہے۔
ہیڈکوچ قومی ٹیم کا کہنا تھا کہ کسی ٹیم کے یہاں دو چار میچز زیادہ کھیلنے سےکسی کو ایڈوانٹیج نہیں ملتا، ہماری اسٹیرنتھ فاسٹ بولنگ ہی ہے، پاکستان اور بھارت دونوں کے پاس اچھے بولرز ہیں، نیویارک کی وکٹ پر بیٹرز کو کافی بہادری سے کھیلنا ہوگا۔