09 جون ، 2024
میٹا کی جانب سے نومبر 2022 میں کمیونٹیز نامی فیچر واٹس ایپ میں متعارف کرایا گیا تھا۔
اب کمپنی کی جانب سے خاموشی سے فیس بک میسنجر میں بھی کمیونٹیز کو متعارف کرا دیا گیا ہے۔
بنیادی طور پر اسے بہت بڑا چیٹ گروپ کہا جا سکتا ہے جس کے لیے فیس بک گروپ سے منسلک ہونے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
ایک کمیونٹی میں 5 ہزار افراد کو شامل کیا جا سکے گا چاہے وہ کسی فیس بک گروپ کے رکن نہ بھی ہوں۔
کمپنی کے مطابق یہ فیچر ابھی تمام افراد کو دستیاب نہیں اور صارفین کو اپنی پرائیویسی کا خیال رکھنا ہوگا۔
2022 میں میٹا نے میسنجر کے لیے کمیونٹی چیٹس کا فیچر متعارف کرایا تھا تاکہ فیس بک گروپس کے اراکین رئیل ٹائم میں رابطہ کرسکیں۔
مگر اب فیس بک گروپس کی رکنیت کی ضرورت ختم کر دی گئی ہے۔
ایک کمیونٹی میں متعدد گروپ چیٹس کو بھی ایک جگہ اکٹھا کرنا ممکن ہوگا اور ہر کمیونٹی میں ایک ہوم نامی اسپیس ہوگا، جہاں ایڈمنز اپ ڈیٹس اور اعلانات شیئر کر سکیں گے۔
یعنی یہ فیچر کافی حد تک واٹس ایپ کمیونٹیز جیسا ہی ہے اور ہو سکتا ہے کہ مستقبل قریب میں دونوں کو آپس میں ملا دیا جائے۔
خیال رہے کہ میٹا پلیٹ فارمز میں ہمیشہ سے میسجنگ پر توجہ مرکوز کی جاتی ہے، یہاں تک کہ انسٹا گرام میں بھی ڈائریکٹ میسجز کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔
2023 میں انسٹا گرام میں ڈائریکٹ میسجز کے ذریعے بڑے پیمانے پر اپ ڈیٹس سینڈ کرنے کا آپشن چینلز کے نام سے متعارف کرایا تھا۔