Time 11 جون ، 2024
کھیل

’ان کیلئے جو سمجھتے ہیں میں فٹ نہیں‘، ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام عمر اکمل کی تصویر وائرل

’ان کیلئے جو سمجھتے ہیں میں فٹ نہیں‘، ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام عمر اکمل کی تصویر وائرل
عمر اکمل ماضی میں اپنی کارکردگی کے بجائے منفی رویے کے باعث ہمیشہ ہی شہ سرخیوں میں رہے ہیں

ماضی میں فٹنس ٹیسٹ میں ناکامی کا سامنا کرنے والے اور کوششوں کے باوجود قومی ٹیم میں جگہ نہ بنا پانے والے مڈل آرڈر بیٹر عمر اکمل نے بغیر شرٹ اور 6 پیکس کیسا تھ اپنی تصویر شیئر کر دی۔

 کرکٹر عمر اکمل ماضی میں اپنی کارکردگی کے بجائے منفی رویے کے باعث ہمیشہ ہی شہ سرخیوں میں رہے ہیں، حال ہی میں عمر اکمل قومی ٹیم میں شمولیت کی درخواست لیے شریف فیملی سے بھی ملاقات کرچکے ہیں تاہم اس کے باوجود وہ قومی اسکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔

اب عمر اکمل نے انسٹاگرام پر دو تصاویر شیئر کی ہیں جس میں انھیں لان میں بغیر شرٹ پہنے6 پیکس واضح کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

شیئر کی گئی تصویر میں عمر اکمل نے کیپشن درج کرتے ہوئے لکھا کہ توجہ فرمائیں ’ یہ تصویر ان کیلئے ہے جو سمجھتے ہیں کہ میں فٹ نہیں ہوں‘۔

 خیال رہے کہ 2020 میں عمر اکمل  فٹنس ٹیسٹ کے دوران شرٹ اتارنے جیسی حرکت پر پی سی بی کی سرزنش کا سامنا کرچکے ہیں۔

عمر اکمل نے فٹنس ٹیسٹ کے دوران عجیب حرکت  کرتے ہوئے کپڑے اتار کر کہا تھا کہ دیکھ لیں چربی کہاں ہے؟ جب کہ اس دوران نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور پاکستان ٹیم مینجمنٹ کا اسٹاف بھی موجود تھا، بعد ازاں پی سی بی نے  کرکٹر کو سرزنش کرکے چھوڑ دیا تھا۔


مزید خبریں :