Time 15 جون ، 2024
دنیا

حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا، 18 لاکھ سے زائد عازمین شریک ہوئے

حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا، 18 لاکھ سے زائد عازمین شریک ہوئے
جو ظلم کرتا ہے اس کی پکڑ ہوگی، مومنوں کو تکلیف دینے والے کبھی فلاح نہیں پاسکتے: خطبہ حج— 

سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ مکرمہ میں حج کا رکن اعظم وقوفہ عرفہ ادا کردیا گیا۔

ایک لاکھ 60 ہزار پاکستانیوں سمیت 18 لاکھ سے زائد عازمین نے حج کا رکن اعظم ادا کیا۔

مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ماہر بن حمد بن محمد بن المعیقلی نے مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ نے دین اسلام کو لوگوں کیلئے پسند کیا ہے، اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے، اے لوگو! مصیبتوں اور فساد سے دور رہو، اسلام کی تعلیم ہے کہ نہ کسی کو نقصان پہنچاؤ اور نہ ہی خود نقصان اٹھاؤ۔

خطبہ حج دیتے ہوئے ڈاکٹر شیخ ماہر بن حمد نے کہا کہ فلسطینی بھائیوں کیلئے دعا کریں، وہ تکلیف میں ہیں، فلسطینیوں کے دشمن نے ان کا خون بہاکر، کھانا اور دوا روک کر تکلیف میں مبتلا کر رکھا ہے۔

خطبہ حج میں کہا گیا ہے کہ شریعت کی تاکید ہے ضرر کو ضررکے بغیر ہٹاؤ، حدیث ہے کہ نہ نقصان پہنچاؤ اور نہ نقصان اٹھاؤ، اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے، اے لوگو، مصیبتوں اور فساد سے دور رہو، کوئی کسی کو اذیت نہ پہنچائے،کسی کو اذیت پہنچانا گناہ کبیرہ ہے۔

خطبہ حج کے مطابق جو ظلم کرتا ہے اس کی پکڑ ہوگی، مومنوں کو تکلیف دینے والے کبھی فلاح نہیں پاسکتے، سب سے زیادہ دعا کے مستحق خادمین حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد ہیں۔

دوسری جانب عرفات میں ظہراورعصر کی نماز قصر ادائیگی کے بعد عازمین کی مزدلفہ روانگی کا سلسلہ جاری رہے گا، عازمین مغرب اور عشاء کی نماز مزدلفہ میں ادا کریں گے اور رمی کیلئے کنکریاں اکٹھی کریں گے۔


مزید خبریں :