Time 01 جولائی ، 2024
صحت و سائنس

روزانہ ملٹی وٹامنز کے استعمال سے صحت کو کوئی فائدہ نہیں ہوتا، تحقیق

روزانہ ملٹی وٹامنز کے استعمال سے صحت کو کوئی فائدہ نہیں ہوتا، تحقیق
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

اگر آپ روزانہ ملٹی وٹامنز استعمال کرتے ہیں تو جان لیں کہ ان سے کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

جرنل جاما نیٹ ورک اوپن میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ ایسے کوئی شواہد موجود نہیں جن سے ثابت ہوتا ہو کہ ملٹی وٹامنز کے استعمال سے مختلف امراض جیسے امراض قلب اور کینسر سے تحفظ ملتا ہے۔

درحقیقت صحت مند افراد کو ملٹی وٹامن سپلیمنٹس کے استعمال کو ئی فائدہ نہیں ہوتا۔

اس تحقیق میں 4 لاکھ کے قریب ایسے بالغ افراد کو شامل کیا گیا تھا جن میں دائمی امراض کی تاریخ نہیں تھی۔

ان افراد کی صحت کا جائزہ 20 سال سے زائد عرصے تک لیا گیا اور اس دوران جن افراد نے روزانہ ملٹی وٹامن سپلیمنٹس استعمال کی، ان میں مختلف امراض کے خطرے میں دیگر افراد کے مقابلے میں کوئی کمی دیکھنے میں نہیں آئی۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا جو افراد ملٹی وٹامنز استعمال کرتے ہیں ان میں موت کا خطرہ 4 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ اب تک ملٹی وٹامن سپلیٹمنس کے استعمال کے فوائد اور نقصانات کے حوالے سے شواہد ناکافی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ ہم نے ان سپلیمنٹس کے اثرات کی جانچ پڑتال کرنے کا فیصلہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ طرز زندگی کے عناصر جیسے تمباکو نوشی، غذا اور جسمانی سرگرمیوں کو مدنظر رکھا گیا اور دریافت ہوا کہ ملٹی وٹامنز کے استعمال سے صحت کو کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔

اس سے قبل بھی تحقیقی رپورٹس میں یہی دریافت کیا گیا تھا کہ اس طرح کے سپلیمنٹس سے صحت کو کوئی خاص فائدہ نہیں ہوتا۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں ملٹی وٹامنز کا استعمال بہت زیادہ ہوتا ہے اور صرف امریکا میں ہر سال 8 ارب ڈالرز کے سپلیمنٹس فروخت ہوتے ہیں۔

زیادہ تر افراد ان سپلیمنٹس کا استعمال اچھی صحت اور فٹنس کو برقرار رکھنے اور دائمی امراض کی روک تھام کے لیے کرتے ہیں۔

مزید خبریں :