Time 02 جولائی ، 2024
پاکستان

چین، تاجکستان اور افغانستان تجارتی راہداری کا حصہ بننے کے خواہشمند ہیں: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے دورہ تاجکستان میں چین، تاجکستان اور افغانستان تجارتی راہداری کا حصہ بننے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت سے پہلے تاجکستان کے دارلحکومت دوشنبے پہنچ گئے۔

صدارتی محل قصر ملت پہنچنے پر صدر امام علی رحمان نے وزیراعظم کا استقبال کیا اور انہیں تاجک مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔

وزیراعظم نے تاجک صدر سے قصرملت میں ملاقات کی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے تاجک صدر کو پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور دونوں ممالک کے درمیان علاقائی وسماجی تعلقات میں اضافے کی دعوت دی۔

پاکستان کی چین، تاجکستان اور افغانستان تجارتی راہداری کا حصہ بننے کی خواہش 

بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمانوف نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

شہباز شریف کا کہنا تھاکہ تاجکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات مزید مستحکم بنائیں گے، کراچی پورٹ سے براستہ افغانستان تاجکستان کے لیے اشیا کی نقل و حمل ہورہی ہے، چاہتے ہیں پاکستان تاجکستان کے درمیان ریل اور روڈ نیٹ ورک مربوط ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین، تاجکستان اور افغانستان کے درمیان تجارتی راہداری کا حصہ بننے کے خواہشمند ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ پاکستان تاجکستان نے سرکاری پاسپورٹ کو ویزا سے مستثنیٰ کرنے کے سمجھوتے پر دستخط کیے ہیں، توقع ہے کہ کاسا 1000منصوبہ آئندہ سال مکمل ہوجائے گا جس سے خطے میں خوشحالی ہوگی، دنیا کو یوکرین جنگ اور غزہ میں پیدا صورتحال جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔

وزیراعظم نے تاجکستان کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

پاکستان کی بندرگاہوں کے استعمال کے ذریعے تجارت میں اضافہ کرسکتے ہیں: تاجک صدر

تاجکستان کے صدر نے کہاکہ پاکستان کی بندرگاہوں کے استعمال کے ذریعے تجارت میں اضافہ کرسکتے ہیں، ریل اور روڈ لنک کے ذریعے علاقائی روابط کو تقویت ملے گی اور تجارت کے حوالے سے دونوں ممالک کو فائدہ پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں پاکستان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے حوالے سے اقدامات کریں گے۔

بعدازاں  دونوں ملکوں کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے۔

مزید خبریں :