Time 05 جولائی ، 2024
انٹرٹینمنٹ

بیٹے کے کہنے پر تیسری شادی کی اور میں نے شوہر کو پروپوز کیا: عتیقہ اوڈھو

بیٹے کے کہنے پر تیسری شادی کی اور میں نے شوہر کو پروپوز کیا: عتیقہ اوڈھو
عتیقہ اوڈھو کی پہلی شادی 15 برس کی عمر میں ہوئی تھی جو 10 برس چل سکی __فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان کی معروف اور سینئر  اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے انکشاف کیا ہے کہ بیٹے کے کہنے پر انہوں نے اپنے تیسرے شوہر ثمر علی خان کو  شادی کی پیشکش کی۔

حال ہی میں عتیقہ اوڈھو نے فریحہ الطاف کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی تیسری شادی میں اپنے بیٹے کے کردار کے بارے میں کھل کر بات کی اور ساتھ ہی زندگی کے نشیب و فراز پر بھی گفتگو کی۔

انہوں نے بتایا کہ دوسرے شوہر جاوید کے ساتھ 16 برس تک شادی رہی، ہماری ایک بیٹی بھی ہے، جب ہماری شادی ختم ہوئی تو بہت مہذب انداز میں ختم ہوئی تھی، دوسری شادی ختم ہونے کے چند سال کے بعد ایک فیملی ایونٹ میں ثمر علی خان سے ملاقات ہوئی۔

اداکارہ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ میرے بیٹے بلال نے ہماری شادی میں اہم کردار ادا کیا، اس نے مجھے بٹھا کر بات کی اور کہا کہ آپ نے بہت مشکلات دیکھی ہیں، یہ شخص اچھا ہے، ہم بھی اسے پسند کرتے ہیں وہ بھی آپ میں دلچسپی رکھتا ہے آپ کو شادی کرلینی چاہیے۔

عتیقہ اوڈھو کے مطابق انہوں نے بیٹے سے کہا کہ تمہاری دو بہنیں بھی ہیں، وہ ہمیں بالکل پسند نہیں کرتیں جس پر اس نے یقین دہانی کروائی کہ انہیں وہ دیکھ لے گا۔

عتیقہ اوڈھو نے بتایا کہ وہ ثمر علی کو چائے پر لے کر گئیں اور وہاں شادی کے لیے پرپوز کیا۔

خیال رہے کہ عتیقہ اوڈھو کی پہلی شادی 15 برس کی عمر میں ہوئی تھی جو 10 برس چل سکی اس کے بعد انہوں نے اپنی مرضی سے دوسری شادی کی تھی مگر وہ بھی کامیاب نہ ہوسکی۔ 

اداکارہ نے اپنی مسلسل دو شادیوں میں ناکامی کے بعد جون 2012 میں ثمر علی خان سے رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں، ڈاکٹر ثمر علی خان 2013 سے 2018 تک رکن سندھ اسمبلی رہ چکے ہیں۔

مزید خبریں :