Time 05 جولائی ، 2024
دنیا

قیمتی تحائف چھپانے، منی لانڈرنگ کے مقدمے میں سابق برازیلین صدر بولسونارو پر فرد جرم عائد

قیمتی تحائف چھپانے، منی لانڈرنگ کے مقدمے میں سابق برازیلین صدر بولسونارو  پر فرد جرم عائد
فوٹو: اے پی

سعودی عرب سے ڈائمنڈ جیولری سمیت قیمتی تحائف چھپانے اور منی لانڈرنگ کے مقدمے میں برازیل کے سابق صدر بولسونارو پر فرد جرم عائد کردی گئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق برازیل کی وفاقی پولیس نے سابق صدر جیر بولسونارو پر منی لانڈرنگ سمیت قیمتی تحائف چھپانے کے مقدمے میں فرد جرم عائد کی۔

برازیل کی سپریم کورٹ کو پولیس سے فرد جرم کی رپورٹ ملنے پر پراسیکیوٹر جنرل فیصلہ کریں گے کہ بولسونارو پر مقدمہ چلے گا یا نہیں۔

گزشتہ سال وفاقی پولیس نے بولسونارو پر مبینہ طور پر 3 ملین ڈالر مالیت کے ہیروں کے زیورات چھپانے اور دو لگژری گھڑیاں فروخت کرنے کا الزام لگایا تھا۔

یہ دوسرا موقع ہے جب پولیس نےبولسونارو پر باضابطہ طور پرالزام عائد کیا،سابق صدر پر COVID-19 ویکسین کے ریکارڈ میں جعل سازی کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق کچھ زیورات برازیل کے کسٹم حکام نے اکتوبر 2021 میں ساؤ پالو کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر قبضے میں لیے تھے جب یہ ریاض سے واپس آنے والے ایک سرکاری معاون کے بیگ سے برآمد ہوئے تھے۔

گزشتہ سال عدالت کے حکم پر ہونے والی تحقیقات میں کچھ فوجی افسران کے گھروں کی تلاشی بھی لی گئی تھی،جنہوں نے مبینہ طور پر بولسونارو کو امریکا میں کچھ زیورات بیچنے میں مدد کی تھی۔

مزید خبریں :