07 جولائی ، 2024
برمنگھم: ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان چیمپئنز نے انڈیا چیمپئنز کو با آسانی 68 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرلی۔
برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں انڈیا چیمپئنز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان چیمپئنز نے مقررہ 20 اوور میں 4 وکٹ پر 243 رنز بنائے۔
کامران اکمل نے77 اور شرجیل خان نے 72 رنز کی اننگز کھیلی۔ صہیب مقصود 26 گیندوں پر 51 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
شاہد آفریدی صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ شعیب ملک 25 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
انڈیا چیمپئنز کے آر پی سنگھ اور انوریت سنگھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ دھول کلکرنی اور پون نیگی نے بھی ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان چیمپئنز کے 244 رنز کے تعاقب میں انڈیا چیمپئنز کی ٹیم 9 وکٹ پر 175 رنز بناسکی اور اسے 68 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
امباتی رائیڈو 39 اور روبن اوتھاپا 22 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے شعیب ملک اور وہاب ریاض نے 3 ،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سہیل خان اور سہیل تنویر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ پاکستان چیمپئنز کی ایونٹ میں یہ مسلسل تیسری کامیابی ہے،پاکستان 6 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر موجود ہے۔
لیگ میں شریک پاکستانی ٹیم کپتان شاہد آفریدی، شرجیل خان، عمر اکمل، یونس خان، شعیب ملک، مصباح الحق، عبدالرزاق، وہاب ریاض، سہیل تنویر، سہیل خان، عبدالرحمان، عامر یامین، توفیق عمر، شعیب مقصود، یاسر عرفات اور تنویر احمد پر مشتمل ہے۔
پاکستان کے خلاف بھارتی ٹیم میں کپتان یووراج سنگھ، ہربھجن سنگھ، سریش رائنا، عرفان پٹھان، یوسف پٹھان، رابن اتھپا، امباتی رائیڈو، گرکیرت مان، راہول شرما، نامن اوجھا، راہول شکلا، آر پی سنگھ، ونئے کمار، دھاول کلکرنی، سوربھ تیواری، انوریت سنگھ اور پون نیگی شامل تھے۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی منظور شدہ ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 3 جولائی کو برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ میدان میں شروع ہوئی جو 18 جولائی تک جاری رہے گی۔
ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے میچز جیوسوپر سے براہ راست نشر کیے جارہے ہیں۔