Time 07 جولائی ، 2024
دنیا

برطانوی عام انتخابات میں کم عمر ترین رکن پارلیمنٹ منتخب

برطانوی عام انتخابات میں کم عمر ترین رکن پارلیمنٹ منتخب
2002 میں پیدا ہونے والے سیم کارلنگ کیمبرج یونیورسٹی سے سائنس گریجویٹ ہیں۔—فوٹو: سیم کارلنگ فائل

لندن: برطانوی عام انتخابات میں 22 سالہ کم عمر ترین رکن پارلیمنٹ منتخب ہوگئے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق الیکشن جیتنے والی لیبرپارٹی کے سیم کارلنگ کم عمر ترین رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے۔

2002 میں پیدا ہونے والے سیم کارلنگ  کیمبرج یونیورسٹی سے سائنس گریجویٹ ہیں۔

لیبرپارٹی کے سیم کارلنگ نے حالیہ انتخابات میں کنزرویٹوپارٹی کے شیلیش وارا کو 39 ووٹوں سے شکست دی۔

نومنتخب پارلیمنٹیرین سیم کارلنگ نے اپنی جیت کو سیاسی زلزلہ قرار دیا اور کہا کہ انہیں امید ہے کہ مزید نوجوان سیاست میں شامل ہوکر آگے آئیں گے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق کم عمر ترین رکن پارلیمنٹ کو بے بی آف دی ہاؤس کا لقب دیا جاتا ہے۔

اس سے قبل کم عمر ترین  رکن پارلیمنٹ آکسفورڈ یونیورسٹی کے گریجویٹ لیبر ایم پی کیئر ماتھر تھے، جنہوں نے 2023 میں سیلبی اور اینسٹی ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کی تھی۔

واضح رہے کہ برطانوی عام انتخابات کے تمام نشستوں کےنتائج آگئےہیں۔لیبرپارٹی نے 412،کنزرویٹوپارٹی نے121،لب ڈیم نے72 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔

لندن کے عام انتخابات کے نتائج کے مطابق اس سال ہونے والے انتخابات میں ٹرن آؤٹ 20 سال سے زائدعرصے میں سب سے کم رہا ہے۔

تمام 650 سیٹوں کے نتائج کے اعلان کے بعد ٹرن آؤٹ 59.9 فیصد ہے۔ 2019 میں ٹرن آؤٹ 67.3 فیصد تھا جبکہ 2001 کے عام انتخابات میں ٹرن آؤٹ 59.4فیصد تھا۔

مزید خبریں :