09 جولائی ، 2024
پیٹ میں درد کے دوران معدے میں بے چینی یا تکلیف کااحساس ہوتا ہے۔
درحقیقت یہ ایسا عام مسئلہ ہے جس کا سامنا ہر فرد کو ہی زندگی میں کبھی نہ کبھی ضرور ہوتا ہے۔
زیادہ تر پیٹ میں درد کسی پریشانی کا باعث نہیں ہوتا اور اس کا علاج بھی آسانی سے ہو جاتا ہے۔
مگر کئی بار یہ کسی سنگین مرض کی نشانی ہوتا ہے جس کے لیے طبی امداد کی ضرورت ہوتی ہے۔
اچھی بات یہ ہے کہ اکثر اس درد سے چھٹکارے میں مدد دینے والا حل آپ کے کچن میں ہی موجود ہوتا ہے۔
سیب کا سرکہ معدے میں تیزابیت کا توازن برقرار رکھتا ہے جو کہ غذا کو ہضم کرنے لیے ضروری ہے۔
عام طور پر معدے میں تیزابیت کی کمی سے ٖغذا کا ہضم یونا مشکل ہوتا ہے، جس کا نتیجہ اکثر پیٹ میں درد کی صورت میں نکلتا ہے۔
ایک کھانے کا چمچ ایک کپ پانی میں ملا کر پینا معدے کے تیزاب بننے کے عمل کو تیز کرتا ہے جبکہ پیٹ کے درد سے بھی نجات دلاتا ہے۔
اکثر پیٹ کا درد قبض یا آنتوں میں اکڑن کا نتیجہ ہوتا ہے ، جس کی بڑی وجہ جسم میں پانی کی کمی ہوتی ہے۔
پانی نہ صرف آنتوں کے لیے ضروری ہے بلکہ نظام ہاضمہ کے افعاک جو بہتر بنانے اور غذائی اجزا کو جذب کرنے میں بھی مدد فراہم کرتا ہے۔
تو مناسب مقدار میں پانی پینا پیٹ درد سے نجات دلا سکتا ہے۔
ادرک بھی نظام ہاضمہ کو متحرک کرتا ہے، ادرک کا ایک چھوٹا ٹکڑا چند منٹ تک چبائیں۔
اس سے نظام ہاضمہ متحرک ہوگا اور پیٹ کے درد میں ریلیف محسوس ہوگا۔
اگر ناقص غذا کے استعمال کے باعث پیٹ میں درد یا نظام ہاضمہ کے مسائل کا سامنا ہو تو ہڈیوں کی یخنی کا استعمال اس تکلیف سے نجات دلا سکتا ہے۔
لیموں بھی نظام ہاضمہ کے بہت فائدہ مند ہے۔
اگر کھانے کے بعد پیٹ میں تکلیف ہو تو ایک کپ گرم لیموں کی چائے یا ایک کھانے کا چمچ لیموں کا عرق ایک کپ پانی میں ملا کر پینے سے پیٹ درد سے نجات مل سکتی ہے۔
نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔