Time 10 جولائی ، 2024
کھیل

کمیٹی نے ٹیم کے طور پر فیصلے کیے، ذمہ داری بھی یکساں لی، وہاب ریاض کا بیان

کمیٹی نے ٹیم کے طور پر فیصلے کیے، ذمہ داری بھی یکساں لی، وہاب ریاض کا بیان
فوٹو: فائل

قومی سلیکشن کمیٹی کے سابق رکن وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی نے ٹیم کے طور پر فیصلے کیے اور ان کی ذمہ داری بھی یکساں لی۔

قومی سلیکشن کمیٹی سے ہٹائے جانے والے وہاب ریاض نے سوشل میڈیا پر جاری  تفصیلی بیان میں کہا ہےکہ وہ بلیم گیم کا حصہ نہیں بننا چاہتے اور سلیکشن کمیٹی میں رکن کے طور پر  ان کام ختم ہوگیا ہے۔

اپنے بیان میں وہاب ریاض نے کہا کہ میں لوگوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ میں نے خلوص کے ساتھ کام کیا، سلیکشن پینل کا حصہ بن کر کام کرنا میرے لیے اعزاز رہا۔

وہاب ریاض نے کہا کہ سات رکنی کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے قومی ٹیم کے فیصلے کرنا اعزاز تھا۔

وہاب ریاض نے کہا کہ ہر کسی کا ووٹ یکساں تھا، ایک ٹیم کے طور پر فیصلے کیے اور سب نے یکساں طور  پر اس کی ذمہ داری لی۔

وہاب ریاض نے کہا کہ گیری کرسٹن کو سپورٹ کرنا بھی اعزاز ہے، مجھے اعتماد ہے کہ ٹیم  آگے بڑھے گی، کوچز اور ٹیم کے لیے میری نیک خواہشات ہیں۔

اپنے بیان میں وہاب ریاض نے کہا کہ دعاؤں کے لیے لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، میری صرف یہی خواہش ہے کہ مستقبل میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو کامیابی ملے۔

کمیٹی نے ٹیم کے طور پر فیصلے کیے، ذمہ داری بھی یکساں لی، وہاب ریاض کا بیان
وہاب ریاض کا سوشل میڈیا پر جاری ہونے والا بیان

خیال رہے کہ گزشتہ روز پی سی بی نے وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو سلیکشن کمیٹیوں سے الگ کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کی مین اور ویمن سلیکشن کمیٹی میں خدمات درکار نہیں۔

دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر اور سابق سلیکٹر عبدالرزاق کا بھی سلیکشن کمیٹی سے ہٹائے جانےکے بعد ردعمل سامنے آگیا۔

ایک بیان میں عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ اگر سب کویکساں اختیارات حاصل تھےتو پھر سلیکشن کمیٹی کا ایک ووٹ 6 پر کیسے بھاری ہو سکتا ہے۔

مزید خبریں :