13 جولائی ، 2024
اسلام آباد: سیکرٹری پاور ڈویژن نے بجلی کے بلوں میں لگنے والے ٹیکسوں کی تفصیلات بتادیں۔
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے سینیٹر محسن عزیز کی زیر صدارت ہونے والی سینیٹ کی قائمہ کمیٹی توانائی کے اجلاس میں ممبران کو آگاہ کیا کہ بجلی صارف 8 روپے فی یونٹ ٹیکس دیتا ہے، ایف بی آر نے پاور سیکٹر کو ٹیکس کلیکشن ایجنٹ بنا دیا ہے۔
اویس لغاری نے کہا کہ پاور سیکٹر کی ہر چیز ڈالر سے جڑی ہوئی ہے، روپے کی بے قدری ادائیگیوں کو اوپر لے جاتی ہے، بجلی کی طلب میں ساڑھے 8 فیصد کمی ہو چکی ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ بجلی ترسیل کے مسائل سے سستی بجلی لوڈ سینٹرز تک لانے کے مسائل ہیں، ترسیلی مسائل کے باعث سستی کی بجائے مہنگی بجلی استعمال کرنی پڑتی ہے۔
اس دوران قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سیکرٹری پاور ڈویژن نے بتایا کہ بجلی بلوں میں متعدد ٹیکسز شامل ہیں جن میں جی ایس ٹی، انکم ٹیکس، ایڈوانس انکم ٹیکس، ایکسٹرا سیلز ٹیکس اور الیکٹری سٹی ڈیوٹی سمیت ٹی وی فیس بھی شامل ہے۔
اس پر محسن عزیز نے کہا کہ بجلی کی قیمت نےغریب آدمی کی زندگی مشکل کردی ہے، غریب بجلی استعمال کرے تب بھی مرتا ہے نہ کرے تب بھی، مہنگی بجلی سے صنعتیں بند ہو رہی ہیں، مہنگی بجلی سے مڈل کلاس بھی تنگ ہے، خطے میں بجلی پاکستان میں سب سے مہنگی ہے۔