Time 18 جولائی ، 2024
دلچسپ و عجیب

ڈائنا سور کے اس ڈھانچے کی قیمت آپ کو دنگ کر دے گی

ڈائنا سور کے اس ڈھانچے کی قیمت آپ کو دنگ کر دے گی
یہ وہ ڈھانچہ ہے / اے ایف پی فوٹو

دنیا کے مختلف حصوں میں ڈائنا سور کے ڈھانچے اکثر ملتے رہتے ہیں مگر کروڑوں سال پرانی ان ہڈیوں یا فوسلز کی قیمت کیا ہوسکتی ہے؟

یقین کرنا مشکل ہوگا مگر امریکی شہر نیویارک میں ڈائنا سور کی ایک قسم کا ڈھانچہ 4 کروڑ 46 لاکھ ڈالرز (12 ارب 41 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت ہوا۔

ڈائنا سور کی stegosaurus نامی اس قسم کا یہ سب سے بڑا اور مکمل فوسل تھا جسے ایپکس کا نام دیا گیا۔

ناک سے دم تک اس ڈھانچے کی چوڑائی 8.2 میٹر جبکہ لمبائی 3.4 میل ہے اور اسے 2022 میں جیسن کاپر نامی فرد نے کولوراڈو میں دریافت کیا تھا۔

اس ڈھانچے کو نیویارک میں نیلام کیا گیا اور یہ توقعات سے 11 گنا زیادہ قیمت پر فروخت ہوا۔

اسے ایک گمنام فرد نے خریدا جس کی جانب سے اسے ایک امریکی تحقیقی ادارے کے حوالے کیا جائے گا۔

اسے اب تک سب سے زیادہ قیمت میں فروخت ہونے والا فوسل قرار دیا گیا ہے۔

ایک اندازے کے مطابق ڈائنا سور کی یہ قسم 15 کروڑ سال پہلے زمین پر موجود تھی اور ایپکس ایک بالغ نر ڈائنا سور تھا جس کے ڈھانچے میں 254 ہڈیاں موجود ہیں۔

اس ڈھانچے کی ہڈیوں میں جوڑوں کے امراض کی علامات دریافت کی گئی ہیں اور یہ ڈھانچہ پتھریلے چونے کے پتھروں میں محفوظ ہوگیا تھا۔

مزید خبریں :