19 جولائی ، 2024
ملک میں شدید گرمی اور حبس میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان ہیں، مختلف شہروں میں بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھ گیا ہے۔
کراچی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ بے قابو ہوگئی، شدید گرمی میں طویل لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا محال کردیا ہے۔
لیاقت آباد سی ون ایریا، سی ایریا، ناظم آباد میں 18گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے، کھارادر،ماڑی پور،کورنگی، اللّہ والا ٹاؤن میں 15 گھنٹے سے زائد لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے ،طویل لوڈ شیڈنگ کے باعث شہریوں کو پانی کی قلت کا بھی سامنا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کے باوجود، بجلی کے بلوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
عوام نے کہا کہ100 فیصد بل ادائیگی کے باوجود بجلی نہ ملنا زیادتی ہے ، شدید گرمی میں لوڈشیڈنگ کا دُہرا عذاب جھیلنا ناممکن ہے۔
ادھر کراچی میں وکیلوں نے سٹی کورٹ سے استدعا کردی کہ شدید گرمی کے باعث انہیں کالے کوٹ کے بغیر عدالت میں پیش ہونے کی اجازت دی جائے ۔
دوسری جانب حیدرآباد میں لوڈ شیڈنگ سے تنگ مظاہرین حیسکو لیاقت کالونی سب ڈویژن کے دفتر میں گھس گئے۔
احتجاج میں خواتین بھی شامل تھیں جنہوں نے حیسکو کےخلاف نعرے لگائے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ بار بار فیڈر بند کرکے بجلی کی فراہمی معطل کر دی جاتی ہے، جبکہ حیسکو حکام کا کہنا ہے کہ بجلی چوری اور لائن لاسز کے باعث لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔
اس کے علاوہ کوئٹہ شہر اور نواحی علاقوں میں گرم موسم کے دوران بھی بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ، بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے صارفین کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔