19 جولائی ، 2024
سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر بولرز کی جدید عادت کے خلاف بول پڑے۔
سنیل گواسکر نے بولرز کے باؤنڈری لائن پر ریفریشمنٹ لینے پر کڑی تنقید کی ہے، انہوں نے ڈرنکس بریک کے علاوہ پانی پینے یا کچھ کھانے کی عادت کو برا کہا۔
سنیل گواسکر نے کہا ہے کہ بولرز اوور ختم کرتے ہیں، باؤنڈری پر ڈرنکس سے فریش ہوتے ہیں اور پھر فیلڈ کرتے ہیں، بولرز کی اس جدید عادت پر اتھارٹیز نے آنکھیں بند کی ہوئی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ آئی سی سی قانون کا فائدہ صرف بولرز اٹھا رہے ہیں، بولرز فریش ہو جاتے ہیں لیکن بیٹرز کو یہ فائدہ حاصل نہیں ہے، بولرز کو 6 گیندیں کرانے کے بعد سہولت ہے، بیٹرز کو ایک اوور میں رنز بنانے پر سہولت نہیں۔
سابق بھارتی کپتان کا کہنا ہے کہ فارمیٹ کوئی بھی ہو کرکٹ میں اسٹیمنا کی ضرورت پڑتی ہے، ماضی کی طرح ہونا چاہیے کہ ہر گھنٹے کی بعد صرف ڈرنک بریک ہو، صرف حریف ٹیم کے کپتان یا امپائر کی اجازت سے اس دوران ڈرنکس لیے جائیں۔
سنیل گواسکر نے یہ بھی کہا کہ آئی سی سی قوانین کے مطابق شیڈول ٹائم کے علاوہ اگر وقت ضائع نہ ہو اور کوئی کھلاڑی پریشان نہ ہو تو ڈرنک لینے کی ممانعت نہیں۔