Time 22 جولائی ، 2024
انٹرٹینمنٹ

نتاشا سے طلاق کے بعد ہاردک اور اننیا پانڈے میں قربتیں بڑھنے لگیں

نتاشا سے طلاق کے بعد ہاردک اور اننیا پانڈے میں قربتیں بڑھنے لگیں
ہاردک اور اننیا پانڈے نے اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی میں ڈانس کیا—فوٹو: بھارتی میڈیا

انڈین کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا اور اداکارہ اننیا پانڈے نے سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کو فالو کرنا شروع کردیا۔

 ہاردک پانڈیا نے باضابطہ طور پر اپنی اہلیہ نتاشا  سے علیحدگی اختیار کرلی ہے اور جوڑے نے  انسٹاگرام پر کچھ دن قبل علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔ 

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اب ہاردک پانڈیا کی مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی شادی کی تقریب سے کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں جن میں وہ اداکار رنویر سنگھ اور اننیا پانڈے کے ساتھ زور و شور سے ناچتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

اس کے علاوہ کرکٹر کی ایک اور ویڈیو وائرل ہے جس میں وہ 2024 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتنے کے بعد گراؤنڈ میں ساتھیوں سے ملتے ہوئے آنسوؤں سے رو رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اسی دوران مداحوں کی توجہ اس جانب گئی کہ کرکٹڑ نے انسٹاگرام پر اداکارہ اننیا پانڈے کو فالو کرنا شروع کردیا ہے اور اداکارہ بھی ہاردک کو فالو کررہی ہیں۔

انڈیا ٹی وی کے مطابق دعویٰ کیا جارہا ہے کہ نتاشا سے علیحدگی کے بعد پانڈیا کسی اور کے قریب آگئے ہیں، ہاردک کو حال ہی میں رادھیکا اور اننت امبانی کی شادی میں اننیا پانڈے کے ساتھ دیکھا گیا تھا اور اب دونوں نے ایک دوسرے کو انسٹاگرام پر بھی فالو کر لیا ہے۔ 

یہ خبر آتے ہی سوشل میڈیا پر ہلچل مچ گئی اور سوشل میڈیا صارفین دونوں سلیبریٹیز کے اس عمل پر گہری نظریں جمائے بیٹھے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے اننیا پانڈے اور اداکار ادیتیا رائے کپور کے رومانوی تعلقات میں ہونے کی خبریں تھیں لیکن دونوں اداکاروں کی جانب سے ان خبروں پر کوئی ردعمل نہیں دیا گیا تھا۔

بعدازاں ان کے بریک اپ کی خبریں آئیں جس پر بھی دونوں نے کسی قسم کی تردید یا تصدیق نہیں کی۔

خیال رہے کہ ہاردک پانڈیا اورسربیئن اداکارہ و ماڈل نتاشا اسٹینکوویچ مئی 2020 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے تاہم رواں سال مئی میں اس وقت ان کی علیحدگی کی خبریں گردش کرنے لگی تھیں جب نتاشا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر نام کے ساتھ ’پانڈیا‘ ہٹا دیا تھا۔

آئی پی ایل 2024 کے میچز میں نتاشا کی عدم شرکت سے بھی دونوں کے درمیان علیحدگی کی افواہوں کو تقویت ملی تھی، ٹی20 ورلڈکپ سے واپسی کے بعد پانڈیا بھی اپنی اہلیہ کے ساتھ نظر نہیں آئے تھے۔

اس دوران ہاردک پانڈیا اور ان کی اہلیہ نتاشا کی علیحدگی کی افواہوں پر ان کے ایک قریبی دوست کا بیان بھی سامنے آیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہاردک اور نتاشا کے دوست کا کہنا تھا کہ دونوں کے تعلقات میں خرابی کی وجہ ہاردک بنے تاہم نتاشا بھی تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے تیار دکھائی نہیں دیتیں۔

مزید خبریں :