Time 26 جولائی ، 2024
جرائم

کراچی: ڈیفنس میں دو گروپوں میں فائرنگ سے 5 افراد کی ہلاکت، ویڈیو سامنے آگئی

کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس خیابان نشاط میں فائرنگ سے 5 افراد کی ہلاکت کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی۔

فائرنگ کے واقعے کی سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دو ڈبل کیبن گاڑیوں سے لوگوں کو اترتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں دونوں گروپ کے افراد کو فائرنگ کرتے بھی دیکھا جا سکتا ہے، ویڈیو میں فائرنگ کے بعد لوگوں کو بھاگتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

واقعے کا مقدمہ تاحال درج نہ ہو سکا

ڈیفنس خیابان نشاط میں فائرنگ سے 5افراد کی ہلاکت کا مقدمہ تاحال درج نہ ہو سکا۔

ڈی آئی جی سائوتھ اسد رضا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ دونوں گروپوں کے ساتھ مل کر دو مقدمات درج کیے جائیں گے، فہد بگٹی کی میت اس کے ورثاء کے سپرد کردی گئی ہے، فائرنگ کے بعد مختلف مقامات پر چھاپوں میں 17 افراد کو حراست میں لیا، زیر حراست تین افراد کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔



ڈی آئی جی اسد رضا نے بتایا کہ دونوں گروپوں کے درمیان کافی عرصے سے خاندانی جھگڑا تھا، اطلاعات کے مطابق دونوں گروپ بات چیت کے لیے ملنے آرہے تھے، اسی دوران دونوں کی گاڑیوں کا سامنا ہوا اور فائرنگ کی گئی، فائرنگ کے واقعے میں دونوں طرف سے بڑا اسلحہ استعمال ہوا، فہد بگٹی کو سینے میں دو گولیاں لگیں جو موت کا سبب بنیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان نشاط میں بگٹی قبائل کے دو گروپوں میں مسلح تصادم کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے تھے۔

ہلاک ہونے والے افراد میں سے دو کا تعقل ایک گروپ سے تین کا دوسرے گروپ سے تھا، فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے دو افراد نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

مزید خبریں :