Time 26 جولائی ، 2024
دنیا

کملا ہیرس کو صدارتی الیکشن جتوانے کیلئے جو کرنا پڑا کریں گے، اوباما نے بھی توثیق کر دی

کملا ہیرس کو صدارتی الیکشن جتوانے کیلئے جو کرنا پڑا کریں گے، اوباما نے بھی توثیق کر دی
وہ اور ان کی اہلیہ مشعل اوباما سمجھتی ہیں کہ ہماری دوست کملا ہیرس ایک بہترین امریکی صدر ثابت ہوں گی: باراک اوباما۔ فوٹو فائل

سابق صدر باراک اوباما اور ان کی اہلیہ مشعل اوباما کی جانب سے ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار کے لیے کملا ہیرس کے نام کی توثیق کے بعد کئی روز سے جاری کشمکش کی صورت حال آخر کار  اختتام پزیر ہو گئی۔

جیو نیوز کے نمائندے نے بدھ کی شام ڈیموکریٹک پارٹی کے دو سینئر ترین رہنماؤں سے بات کی تھی جنہوں نے کہا تھا کہ 100 فیصد یقینی ہے کہ باراک اوباما بھی دیگر سینئر ڈیموکریٹ رہنماؤں کی طرح کملا ہیرس کی نہ صرف توثیق کریں گے بلکہ ان کی انتخابی مہم میں بھی شرکت کریں گے تاکہ ڈیموکریٹ پارٹی پوری طرح متحد ہونےکا نہ صرف اظہار کرے بلکہ کملا ہیرس کی جیت یقینی بنانے کے لیے کوئی کسر نہ چھوڑے۔

اور اب اطلاعات ہیں کہ باراک اوباما نے کملا ہیرس کی بطور ڈیمو کریٹ صدارتی امیدوار نامزدگی کی توثیق کر دی ہے۔

سابق امریکی صدر نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں لکھا کہ وہ اور ان کی اہلیہ مشعل اوباما سمجھتی ہیں کہ ہماری مشترکہ دوست کملا ہیرس ایک بہترین امریکی صدر ہوں گی۔

باراک اوباما کا کہنا تھا رواں ہفتے کے آغاز پر ہم نے کملا ہیرس سے ملاقات کی اور انہیں اپنی مکمل سپورٹ کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ اس اہم ترین وقت میں ہم انہیں جتوانے کے لیے جو کر سکتے ہیں وہ کریں گے۔

یاد رہے کہ نومبر میں ہونے والے امریکا کے صدارتی الیکشن میں ری پبلکن پارٹی کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کو صدارتی امیدوار نامزد کیا گیا ہے جبکہ ڈیموکریٹ کی جانب سے کملا ہیرس ممکنہ صدارتی امیدوار ہوں گی اور حال ہی میں ہونے والے مختلف سرویز میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دونوں کے درمیان کاٹنے کا مقابلہ متوقع ہے۔

مزید خبریں :