Time 29 جولائی ، 2024
کھیل

پاکستانی کوہ پیماؤں نے پورٹر کی کے ٹو پر برف میں دبی میت نکال لی، نیچے لایا جائے گا

پاکستانی کوہ پیماؤں نے پورٹر کی کے ٹو پر برف میں دبی میت نکال لی، نیچے لایا جائے گا
پورٹر حسن شگری گزشتہ سال کے ٹو پر موسم کی شدت کا شکار ہوکر جاں بحق ہوگئے تھے تاہم ان کی میت کو وہیں چھوڑ دیا گیا تھا— فوٹو:فائل

پاکستان کی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی کی تیار کردہ ٹیم نے کے ٹو پر گزشتہ سال جاں بحق ہونے والے پورٹر حسن شگری کی میت نیچے لانے کا عمل شروع کردیا۔

پورٹر حسن شگری گزشتہ سال کے ٹو پر موسم کی شدت کا شکار ہوکر جاں بحق ہوگئے تھے تاہم ان کی میت کو وہیں چھوڑ دیا گیا تھا۔ اس سال نائلہ کیانی کی ٹیم جب کے ٹو کی صفائی کے مہم پر روانہ ہوئی تو حسن شگری کی فیملی نے ان سے میت واپس لانے کی درخواست کی تھی۔

نائلہ کیانی نے بتایا کہ کے ٹو پر موجود ان کی ٹیم برف میں دبے جسد خاکی کو باہر نکالنے میں کامیاب ہوچکی ہے اور اس میت کو بوٹل نیک سے کیمپ فور تک پہنچایا جاچکا ہے، ٹیم نے کیمپ فور سے کیمپ تھری کی جانب سفر شروع کردیا۔

نائلہ کیانی کا کہنا تھاکہ کیمپ تھری سے بیس کیمپ تک باڈی لانے کا عمل کافی دشوار گزار ہوگا، اس لیے میت کو ائیرلفٹ کرانے کیلئے آرمی ایوی ایشن کو بھی درخواست کی ہے۔ 

حسن شگری کی میت واپس لانے والی ٹیم میں دلاور سدپارہ، اکبر حسین، ذاکر سدپارہ، محمد مراد اور علی محمد سدپارہ شامل ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال 27 جولائی کو پورٹر محمد حسن کے ٹو مہم جوئی کے دوران بوٹل نیک پر جاں بحق ہوگیا تھا، کوہ پیماؤں پر پورٹر کی بروقت مدد نہ کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔

کوہ پیماؤں پر آخری سانسیں لیتے محمد حسن کے اوپر سے گزرکر جانے کا بھی الزام لگایا گیا تھا۔

مزید خبریں :