Time 02 اگست ، 2024
دنیا

اسماعیل ہنیہ نے اپنے آخری پیغام میں 3 اگست کے حوالے سے کیا اہم اپیل کی تھی؟

اسماعیل ہنیہ نے اپنے آخری پیغام میں 3 اگست کے حوالے سے کیا اہم اپیل کی تھی؟
ہنیہ نے امید ظاہر کی تھی کہ 3 اگست پورے فلسطین، پناہ گزین کیمپوں، عالم عرب اور عالم اسلام اور دنیا بھر کے حریت پسندوں کے لیے اہم دن ہوگا — فوٹو: رائٹرز/ فائل

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے تہران میں اسرائیلی حملے میں شہادت سے قبل 3 اگست کے حوالے سے اپیل کی تھی۔

28 جولائی کو جاری ہونے والے بیان میں اسماعیل ہنیہ نے دنیا سے اپیل کی تھی کہ 3 اگست کو عالمی سطح پر غزہ اور اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کی حمایت کے دن کے طور پر منایا جائے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسماعیل ہنیہ کا کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ 3 اگست پورے فلسطین، پناہ گزین کیمپوں، عالم عرب اور عالم اسلام اور دنیا بھر کے حریت پسندوں کے لیے ایک اہم دن ہوگا جو غزہ اور اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کی حمایت میں منایا جائے گا۔

اسماعیل ہنیہ نے اپیل کی تھی کہ فلسطینیوں کے حقوق کے تحفظ اور اسرائیلی جرائم کو بےنقاب کرنے کے لیے 3 اگست کو بڑے پیمانے پر مظاہرے کیے جائیں۔

 خیال رہے کہ حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ 31 جولائی کو تہران میں اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے تھے، وہ ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے ایران میں موجود تھے۔

گزشتہ روز تہران میں اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ ادا کیے جانے کے بعد ان کا جسد خاکی قطر پہنچایا گیا جہاں آج نماز جمعہ کے بعد اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ مسجد امام محمد بن عبدالوہاب میں ادا کی گئی، جس میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد، امیر قطر کے والد، حماس رہنما خالد مشعل، اسماعیل ہنیہ کے بیٹوں، حماس ، فلسطینی تنظیموں الفتح اور اسلامی جہادکے نمائندوں اور دنیا بھر سے آئے اہم افراد نے شرکت کی۔

بعد ازاں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو دوحہ کے لوسیل قبرستان میں علامہ یوسف القرضاوی کے پہلو میں سپردِ خاک کردیا گیا۔


مزید خبریں :