05 اگست ، 2024
گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے امید کی گھنٹی بجا کر پکوڑوں کا مطالبہ کرنے والے جماعت اسلامی کے کارکن کی خواہش پوری کردی۔
ترجمان کے مطابق گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے گورنر ہاؤس کے باہر ہی تازہ پکوڑے بنوا کر دھرنا مظاہرین میں بانٹے جس پر شرکا نے گورنر سندھ سے اظہار تشکر کیا۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے گورنر کامران ٹیسوری نے کہا کہ دھرنا مظاہرین مہمان ہیں، ان کی خدمت جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ مظاہرین کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ تسلط کے خلاف آواز بلند کریں اور اگست کے مہینے کو ملک میں یکجہتی کے طورپر منائیں۔
اس سے قبل مہنگائی اور بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف کراچی میں گورنر ہاؤس کے باہر جماعت اسلامی کے دھرنے کے دوران دلچسپ صورت حال دیکھنے کو ملی جب جماعت اسلامی کے کارکنوں نے گورنر ہاؤس میں لگا فریادی کا گھنٹہ بجاکر شکایت لگادی کہ گورنر صاحب نے بارش میں پکوڑے کھلانے کا وعدہ کیا تھا، اب تک پکوڑے نہیں آئے۔
دھرنے کے شرکا کو اب پکوڑے بھی مل گئے ساتھ ہی گزشتہ روز صبح گورنر کی جانب سے دھرنا مظاہرین کو چائے پراٹھے کا ناشتہ کرایا گيا۔
دوسری جانب مظاہرین کی فرمائش پر انہيں پیش کی گئی منرل واٹر کے غیر ملکی برانڈ کی بوتلیں واپس لے لی گئيں اور پاکستانی برانڈ کا منرل واٹر دیا گیا۔
اس سے قبل گزشتہ رات دھرنا مظاہرین کے نام پیغام میں گورنر سندھ نے کہا تھا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے عوام کے لیے کھل چکے ہیں، بجلی کے بلوں کے ستائے مظاہرین کو گورنر سندھ نے آئی ٹی مارکی میں رات گزارنے کی پیش کش بھی کی، کہاں وہاں اے سی لگے ہیں، آپ کو گرمی بھی نہيں لگے گی۔