05 اگست ، 2024
بھارتی مداح نے سوشل میڈیا پر مخصوص انداز کے تحت وائرل ہونے والے ترک اولمپک شوٹر سمجھ کر بھارتی اداکار عادل حسین کو مبارکباد پیش کی جس پر اداکار نے ردعمل دیا ہے۔
عادل حسین کے ایک مداح نے غلطی سے ترک شوٹر یوسف ڈیکیک سمجھ کر پیرس اولمپک میں سلور میڈل جیتنے پر ان کی تعریف کی جس کے بعد عادل حسین نے ایکس پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اس پر مزاح میں جواب دیا۔
ایکس کے صارف نے یوسف ڈیکیک اور عادل حسین کی تصاویر ایک ساتھ لگا کر کیپشن میں لکھا 'ترکیہ کےلیے اولمپک 2024 میں سلور میڈل جیتنے پر سر عادل حسین آپ کو مبارک ہو'۔
اس پرستار کو جواب دیتے ہوئے عادل حسین نے لکھا 'کاش کہ یہ سچ ہوتا، ہوسکتا ہے کہ پریکٹس کرنے میں زیادہ دیر نہ ہوئی ہو لیکن میری عادت کے مطابق مجھے ابھی اس حوالے سے مہارت کےلیے پریکٹس کی ضرورت ہے'۔
پوسٹ وائرل ہونے کے بعد عادل حسین نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ مجھے نہیں لگتا یہ کسی غلط فہمی کی وجہ سے ہوا، ممکنہ طور پر سوشل میڈیا یوزر نے مذاق کرنے کےلیے قصداً ایسا کیا تھا اس لیے جب میں نے یہ پوسٹ دیکھا تو بالکل حیرانی یا تعجب نہیں ہوا۔
ممکن ہے کہ صارف نے اداکار اور ایتھلیٹ کی صورتیں کافی حد تک ایک جیسی ہونے کی وجہ سے مزاحیہ ٹوئٹ کی تھی۔
یوسف ڈیکیک کیوں وائرل ہوئے؟
واضح رہے کہ پیرس اولمپکس میں 10 میٹر پسٹل مکسڈ مقابلے میں شرکت کرنے والے ترک شوٹر یوسف ڈیکیک کی ایک ہاتھ جیب میں ڈالے، دونوں آنکھیں کھلی رکھے ہوئے بغیر ہیڈ فونز اور گلاسز کے نشانہ لینے کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔
شوٹنگ مقابلوں میں عام طور پر شوٹرز ہیڈفونز اور مخصوص لینس گلاسز کا استعمال کرتے ہیں اور ایک آنکھ بند کرکے اپنا نشانہ لگاتے ہیں مگر یوسف نے اس سب کے بغیر ہی اپنا نشانہ لگایا۔
یوسف ڈیکیک اور ان کی شوٹنگ پارٹنر الیڈا ترحان 10 میٹر پسٹل مکسڈ مقابلے میں سلور میڈیل اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئے تاہم گولڈ میڈل مقابلے کے لیے سربیا سے شکست کھاگئے۔
سوشل میڈیا پر اپنے منفرد انداز کی پذیرائی سے متعلق بات کرتے ہوئے یوسف نے کہا کہ میری شوٹنگ تکنیک بہت منفرد اور نایاب ہے، میں دونوں آنکھیں کھول کر نشانہ لگاتا ہوں اور یہ چیز دیکھ کر ریفریز بھی حیران رہ جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میڈل جیتنے پر حیران نہیں کیونکہ میں نے اس سال بہت محنت کی تھی اور کامیابی صرف جیب میں ہاتھ رکھنے سے نہیں ملتی۔