17 اگست ، 2024
بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کے بعد دریائے چناب میں پانی کی سطح بڑھ رہی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب میں قادر آباد بیراج پر پانی کی سطح تیزی سے بڑھ رہی ہے جس کے سبب دریائے چناب میں پانی کی سطح 2 لاکھ 50 ہزار کیوسک ہونے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ دریائے راوی میں جسڑ اور شاہدرہ کے مقام پر 40 سے 55 ہزار کیوسک پانی متوقع ہے جس پر علاقہ مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
راجن پور میں موسلادھار بارش، برساتی ندی نالوں میں طغیانی
دوسری جانب راجن پور اور کوہ سلیمان کے پہاڑی علاقوں میں موسلادھاربارش ریکارڈ کی گئی۔
فلڈ کنٹرول روم کے مطابق بارش کی وجہ سے برساتی ندی نالوں میں طغیانی اور پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا، برساتی نالہ کاہاسلطان سے 19ہزار 606 کیوسک ریلا گزر رہا ہے جب کہ نالہ چھاچھڑ سے 11ہزار 450 کیوسک ریلاگزر رہا ہے۔
فلڈ کنٹرول روم کے مطابق کالابگا سے 2 ہزار 340 کیوسک ریلا گزر رہا ہے جب کہ دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کوٹ مٹھن کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا جارہا ہے۔