Time 17 اگست ، 2024
کھیل

میرا ری ہیب سوات میں اچھا چل رہا ہے، جلد کم بیک کروں گا: احسان اللہ

فاسٹ بولر  احسان اللہ  نے خود  ہی اپنے والد کے بیان کی مخالفت کرتے  ہوئےکہا ہےکہ  میرا  ری  ہیب  سوات میں  اچھا چل  رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں فاسٹ بولر احسان اللہ کا کہنا تھا کہ  میرا  ری ہیب سوات  میں اچھا چل رہا ہے، میری کہنی کا خم اور  سیدھے بازو کا اینگل ٹھیک ہو رہا ہے، میں جلد کم بیک کروں گا۔

احسان اللہ کا کہنا تھا کہ میڈیا پر خبر آئی کہ میرا ری ہیب اچھا نہیں چل رہا، پی سی بی کو درخواست کرتا ہوں میرا ری ہیب اچھا چل رہا ہے مجھے سوات میں ہی رہنے دیں۔

خیال رہےکہ اس سے قبل  احسان اللہ کے والد  نے ایک بیان میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی  سے  بیٹے کی لاہور میں دیکھ بھال کی درخواست کی تھی۔

احسان اللہ کے والد کا کہنا تھا کہ میرے  بیٹے کو  این سی اے میں منتقل کرکے علاج کیا جائے، سوات  میں سہولیات اچھی نہیں،  میرے بیٹے کو لاہور  بلایا جائے۔

یاد رہے کہ احسان اللہ گزشتہ ایک سال سے زائد عرصے سے کہنی کی انجری کا شکار ہیں، اس دوران ان کا آپریشن بھی ہوا اور انگلینڈ میں ان کا چیک اپ بھی کرایا گیا جس کے بعد پی سی بی کی ایک کمیٹی نے احسان اللہ کی سرجری اور علاج پر سوالات  اٹھائے  اور  پھر  ان کے طویل ری ہیب کی تجویز دی۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اس معاملے پر ایکشن لیا اور ان کی مکمل دیکھ بھال کے احکامات دیے اور  احسان اللہ کا ری ہیب ان کے آبائی شہر سوات میں کرانے کا فیصلہ کیا تھا ۔

مزید خبریں :