02 مئی ، 2024
پاکستانی فاسٹ بولر احسان اللہ کی انجری کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ اسپورٹس سائنسز ڈاکٹر سہیل سلیم مستعفی ہوگئے۔
پی سی بی نے ڈاکٹر سہیل سلیم کا استعفیٰ قبول کرلیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق میڈیکل کمیٹی نےاحسان اللہ کی انجری سے متعلق رپورٹ جمع کرادی ہے۔ تین رکنی میڈیکل کمیٹی کو احسان اللہ کی انجری کا تفصیلی جائزہ لینےکا کہا گیا تھا۔ کمیٹی نے احسان اللہ کی انجری سے متعلق تمام رپورٹس کا تفصیلی جائزہ لیا۔
پی سی بی کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر ایڈم واٹس اور جاوید اکرم سمیت دیگر ماہرین سےبھی مشورہ کیا گیا۔
کمیٹی کی سفارشات کے مطابق احسان اللہ کو دائیں کہنی کی فزیو تھراپی اور ری ہیب جاری رکھنا چاہیے، 6 سے 12 ماہ میں ریکوری نہ ہوئی تو آخری آپشن سرجری ہوگا۔
میڈیکل کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق احسان اللہ کی کہنی کی تکلیف کی تشخیص میں تاخیر کی گئی، احسان اللہ کو مناسب اور مطلوبہ ری ہیب نہیں مل سکا تھا اور احسان اللہ کی کہنی میں تکلیف کا علاج بھی غیرمناسب انداز میں کیا گیا۔
خیال رہےکہ چیئرمین پی سی بی نے احسان اللہ سمیت دیگر کھلاڑیوں کی انجریز کے معاملے پر تحقیقاتی کمیٹی قائم کی تھی۔
پی سی بی میڈیکل پینل پر احسان اللہ کی انجری کو غیرذمہ دارانہ طریقے سے ہینڈل کرنےکا الزام تھا۔
کھلاڑیوں کی انجریز پر آج چیئرمین محسن نقوی کو میڈیکل بورڈ کی رپورٹس موصول ہوئی تھی۔
اس حوالے سے جاری بیان میں چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ میڈیکل کمیٹی سے تمام رپورٹس موصول ہو گئی ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ احسان اللہ، ارشد اقبال، ذیشان ضمیر اور شوال ذوالفقار کی رپورٹس موصول ہوئی ہیں، ہم ان رپورٹس کا جائزہ لےکر جلد سامنے لائیں گے۔
انہوں نے پروفیسرڈاکٹر جاوید اکرم ، ڈاکٹر رانا دلآویز اور پروفیسر ڈاکٹر ممریز کا دس دن میں رپورٹس مرتب کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔