18 اگست ، 2024
سرطان ایک خطرناک اور جسم میں تیزی سے پھیلنے والا موذی مرض ہے جس کا شکار دنیا بھر کے لوگ ہو رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق سرطان کی مختلف اقسام ہیں، پہلے اور دوسرے اسٹیج کے سرطان پر قابو پانا ممکن ہے جبکہ تیسرا اور چوتھا اسٹیج زیادہ تر لوگوں میں جان لیوا ثابت ہوتا ہے۔
سرطان کے کیسز میں اضافے کی وجہ
ماہرین طب کی جانب سے سرطان کے تیزی سے پھیلنے کی وجہ ہماری طرز زندگی اور فاسٹ فوڈ سمیت دیگر مرچ مصالحے والے کھانے بتائے جاتے ہیں۔
لیکن ہم اپنی زندگی میں کچھ عادتوں کو اپنا کر سرطان کے خطرے کو کم کرسکتے ہیں۔
پھل اور سبزیاں
پھل اور سبزیاں غذائیت سے بھرپور ہوتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ یہ سرطان کے خطرے کو کم کرنے میں مدد دے سکتی ہیں کیونکہ پھل اور سبزیوں میں وٹامنز، منرلز اور اینٹی آکسیڈینٹ بھاری مقدار میں پایا جاتا ہے۔
اس حوالے سے امریکن کینسر سوسائٹی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ روزانہ 5 پھل اور سبزیوں کے استعمال سے پھیپھڑوں، منہ، گلے اور معدے کے کینسر کے خطرے کو کم کیا جا سکتا ہے۔
ورزش
جسمانی ورزش نہ صرف صحت کیلئے ضروری ہے بلکہ یہ شوگر، بلڈ پریشر کے مسائل، دل کو جوان رکھنے اور دیگر بیماریوں سے بچانے کے ساتھ ساتھ کینسر کے خطرے کو بھی کر سکتی ہے۔
نیشنل کینسر انسٹی ٹیوٹ نے بالغ افراد کو چھاتی، بڑی آنت اور اینڈومیٹریال کینسر کے خطرے کو کم کرنے کے لیے ہر ہفتے کم از کم 150 منٹ کی ورزش کرنے کی تجویز کی ہے۔
باقاعدگی سے چیک اپ
اگر آپ باقاعدگی سے اپنا چیک اپ کروائیں تو سرطان جیسے مرض پر قابو پایا جاسکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ باقاعدہ چیک اپ سے سرطان کی تشخیص ابتدائی اسٹیج میں کی جاسکتی ہے جس سے زندگی کو بچایا جا سکتا ہے۔