Time 18 اگست ، 2024
دنیا

’بیٹا پیدا ہی نہیں کرنا چاہیے تھا‘، کلکتہ ڈاکٹر ریپ کیس میں گرفتار ملزم  کی ماں کا بیان

بھارتی شہرکلکتہ میں 31 سالہ ٹرینی ڈاکٹر کے ساتھ زیادتی اور  وحشیانہ قتل کے ملزم کی ماں نے کہا ہے کہ اسے اپنے بیٹے کو ’پیدا ہی نہیں کرنا چاہیے تھا'۔ 

غیر ملکی خبرایجنسی سے بات کرتے ہوئے خاتون نے کہا کہ جب کبھی ان کے شوہر کسی مشکل میں ہوتے تو وہ ان کا ساتھ دیتی تھیں اور آج جب ان کا بیٹا ایک مشکل میں گھرا ہے تو وہ ایک ماں کی حیثیت سے اس کے ساتھ کھڑی ہوں گی۔

 خاتون نے کہا کہ میں پریشان ہوں کیونکہ میرا بیٹا گھر نہیں آرہا، ماں کو ماردو تو کہانی ختم ہوجائے گی۔

اس پر صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ ماں کو کیوں ماردیں؟

خاتون نے جواب دیا کہ مجھے بیٹا پیدا ہی نہیں کرنا چاہیے تھا، یہ بڑی غلطی کی۔

خیال رہے کہ 9 اگست کو کلکتہ کے اسپتال سے وابستہ ایک خاتون ٹرینی ڈاکٹر کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا تھا، 31 سالہ لیڈی ڈاکٹر کی لاش کلکتہ کے آر جی کار میڈیکل کالج کے کمرے سے ملی تھی۔

ڈاکٹرز نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم میں خاتون ڈاکٹر سے زیادتی کی تصدیق ہوئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مقتول ڈاکٹر کے اہلخانہ نے بتایا کہ اسپتال انتظامیہ نے انہیں 3 گھنٹے تک اسپتال کے باہر روکے رکھا اور کہا گیا کہ ٹرینی ڈاکٹر نے خود کشی کی ہے۔

پولیس کا کہنا ہےکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور لڑکی کے قتل کے شبہ میں ایک پولیس رضاکار کو حراست میں لیا گیا ہے۔

مزید خبریں :