23 اگست ، 2024
وزیراعظم شہبازشریف نے بنگلادیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس کو خط لکھتے ہوئے سیلابی صورت حال پر بنگلادیش کو مدد کی پیشکش کی ہے۔
بنگلادیش میں بارشوں اور سیلاب سے تقریباً 36 لاکھ افراد محصور اور دو افراد ہلاک ہوگئے۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی وزارت کا کہنا ہے کہ سیلاب سے گھروں اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے، کئی علاقوں میں سڑکوں کا رابطہ منقطع ہوگیا ہے جس کی وجہ سے امدادی کاموں میں رکاوٹ کا سامنا ہے۔
بارشوں اور سیلاب سے فینی، مولوی بازار، حبی گنج، کوملا اور چٹاگانگ کے علاقے سب سے زیادہ متاثرہوئے۔
بنگلادیش کی سیلابی صورتحال پر وزیر اعظم شہباز شریف نے چیف ایڈوائزر ڈاکٹرمحمد یونس کو خط لکھا اور کہا کہ حالیہ تباہ کن سیلابی صورتحال پردلی دکھ اور رنج ہے، امید ہے،بنگلادیش آپ کی قیادت میں اس مشکل سے جلد نکل آئے گا۔
وزیر اعظم نے ڈاکٹر یونس کو سیلابی صورت حال پر بنگلادیش کو مدد کی پیشکش کی ہے۔
خیال رہے کہ بدھ کی رات ڈھاکا میں طلبا نے احتجاجی ریلیاں نکالیں جن میں الزام لگایا گیا کہ سیلاب بھارت میں ڈیم کے سلوز گیٹس کھولنے کی وجہ سے آیا۔