28 اگست ، 2024
بھارت کی معروف اداکارہ مینو منیر نے ساتھی اداکاروں جیا سوریا، ایڈاویلا بابو، مانین پلا راجو اور اداکار و ریاستی اسمبلی کے رکن ایم مکیش پر جنسی طور پر ہراساں اور کیرئیر تباہ کرنے کا الزام لگادیا۔
بھارت میں ہیما کمیٹی کی رپورٹ کے بعد ایک بار پھر فلم اور ٹی وی کی نگری میں می ٹو مہم جاری ہے۔ اس رپورٹ کے جاری ہونے کے بعد اداکارہ صنم شیٹی اور اب ملیالم انڈسٹری کی مشہور اداکارہ مینو منیر نے ساتھی اداکاروں پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایا ہے۔
مینو منیر کا کہنا تھاکہ 2013 میں ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران واش روم سے نکلی تو ساتھی اداکار جیا سوریا نے اچانک گلے لگایا اور زبردستی بوسہ دیا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس دوران اداکار نے کہا وہ مجھ میں دلچسپی رکھتے ہیں اور وہ ان کے ساتھ ان کے فلیٹ پر چلیں۔
مینو منیر نے ایک اور اداکار ایڈاویلا بابو اور مانین پلا راجو پر بھی ہراساں کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ ساتھی اداکاروں نے مجھے جنسی تعلق بنانے کی پیشکش کرتے رہے تاہم میں نے سختی سے منع کیا۔
ان کا مزید کہناتھاکہ ساتھی اداکار پیشکش قبول کرنے کے بدلے فلموں میں کام ملتے رہنے کا یقین دلاتے رہے۔
اداکارہ نے جیا سوریا سمیت 7 افراد کے خلاف باقاعدہ آن لائن درخواست بھی جمع کرادی ہے۔ تاہم اداکار و رکن اسمبلی مکیش اور دیگر نے اداکارہ کے الزامات کی تردید کی ہے۔
خیال رہے کہ اداکار جیا سوریا ملیالم فلم انڈسٹری کا جانا پہچانا چہرہ ہیں، وہ نیشنل فلم ایوارڈ اور فلم فیئر ایوارڈز جیت چکے ہیں اور کئی سپر ہٹ فلمیں دی ہیں۔ جیا سوریا اور اداکارہ مینو منیر نے کئی فلموں میں ساتھ کام کیا ہے۔