Time 29 اگست ، 2024
دلچسپ و عجیب

دیہات میں شادی کریں اور ہزاروں ڈالر پائیں، لڑکیوں کو یہ انوکھی پیشکش کس ملک نے دی؟

دیہات میں شادی کریں  اور ہزاروں ڈالر پائیں، لڑکیوں کو یہ انوکھی پیشکش کس ملک نے دی؟
دیہی علاقوں میں ہجرت کرجانے والی خواتین کو اضافی مالی مراعات بھی فراہم کی جائیں گی: فوٹوفائل

جاپانی حکومت نے ٹوکیو کی غیر شادی شدہ لڑکیوں کو دیہات میں شادی کیلئے پر کشش پیشکش کردی۔

جاپان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق  جاپانی حکومت نے ٹوکیو کی غیر شادی شدہ لڑکیوں کو دیہی علاقوں میں شادی کی ترغیب دینے کیلئے ایک منفرد منصوبہ بندی شروع کی ہے جس کا مقصد دیہی علاقوں میں خواتین کی کم ہوتی تعداد کو بڑھانا ہے۔

جاپانی حکومت پُرامید ہے کہ اس اقدام سے  تعلیم یا ملازمت کی خاطر کم عمر لڑکیوں کے ٹوکیومیں رہائش کی ترجیح کے رجحان میں کمی واقع ہوگی اور ساتھ ہی دیہی مردوں سے شادی کے ذریعے دیہی علاقوں میں خواتین کی کم ہوتی آبادی کو  بڑھایا جاسکے گا۔

جاپان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق  جاپانی حکومت دیہی علاقوں میں شادی کرنے والی لڑکیوں کے میچ میکنگ ایونٹس کے سفری اخراجات خود اٹھائے گی،دیہی علاقوں میں ہجرت کرجانے والی خواتین کو اضافی مالی مراعات بھی فراہم کی جائیں گی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹوکیو سے دیہی علاقوں میں منتقل ہونے والی لڑکیوں کو 7 ہزار امریکی ڈالر دیے جائیں گے۔

ٹوکیو کے سرکاری اہلکار نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ’ بہت سے لوگ شادی میں دلچسپی رکھتے ہیں لیکن ساتھی تلاش کرنے سے قاصر ہیں تو ہم ان اقدامات کے تحت ایسے افراد کی مدد کرنا چاہتے ہیں‘۔

واضح رہے کہ جاپان کو ایک بڑے آبادیاتی چیلنج کا سامنا ہے جس کے تحت جاپان  کی شرح پیدائش اب تک کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، گرتی آبادی اور افرادی قوت کی کمی کے  اثرات سے نمٹنے کے لیے جاپانی حکومت نے مختلف اقدامات اٹھائے ہیں۔

مزید خبریں :