Time 29 اگست ، 2024
دنیا

غزہ: اسرائیل پولیو ویکسینیشن مہم کیلئے حملوں میں 3 روزکے وقفے پر راضی ہوگیا

غزہ: اسرائیل پولیو ویکسینیشن مہم کیلئے حملوں میں 3 روزکے وقفے پر راضی ہوگیا
فوٹو: رائٹرز

 اسرائیل غزہ میں پولو ویکسینیشن مہم کے لیے حملوں میں 3 روز کے وقفے پر راضی ہوگیا۔

عالمی ادارہ صحت کے مطاق اسرائیل پولیو ویکسینیشن کے لیے صبح 6 سے سہ پہر 3 بجے تک کے وقفے پر راضی ہوا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ غزہ میں پولیو ویکسینیشن مہم یکم ستمبر سے شروع کی جائے گی پولیو ویکسینیشن کے دوران غزہ جنگ میں انسانی بنیادوں پر وقفہ ہوگا۔

دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے بھی پولیو ویکسینیشن مہم کے لیے اقوام متحدہ کی جانب سے جنگ میں انسانی بنیادوں پر وقفےکی درخواست کا خیر مقدم کیا ہے۔

حماس کے رہنما باسم نعیم کا کہنا ہے کہ حماس اقوام متحدہ کی پولیو ویکسینیشن مہم میں تعاون کے لیے تیار ہے۔

خیال رہے کہ غزہ میں پانچ روز پہلے ایک 10 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی نشاندہی ہوئی تھی، یہ غزہ میں 25 سال بعد رپورٹ ہونے والا  پہلا پولیو کیس ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق غزہ کے 6 لاکھ 40 ہزار سے زیادہ بچوں کو پولیو ویکسینیشن کی ضرورت ہے۔

مزید خبریں :