Time 03 ستمبر ، 2024
سائنس و ٹیکنالوجی

آئی فون کے والیوم بٹنز میں چھپے متعدد کارآمد فیچرز سے واقف ہیں؟

آئی فون کے والیوم بٹنز میں چھپے متعدد کارآمد فیچرز سے واقف ہیں؟
والیوم بٹنز میں متعدد فیچرز چھپے ہیں / فوٹو بشکریہ ایپل

ویسے تو ان کا بنیادی مقصد ساؤنڈ کنٹرول کرنا ہے مگر آئی فون کے والیوم بٹنز آپ کے خیالات سے زیادہ کارآمد ہوتے ہیں۔

جی ہاں واقعی آئی فون میں متعدد فیچرز ایسے موجود ہوتے ہیں جن کا علم بہت کم صارفین کو ہوتا ہے۔

ان میں سے ایک والیوم بٹنز ہیں جو ساؤنڈ ایڈجسٹ کرنے کے ساتھ ساتھ بہت کچھ کرسکتے ہیں۔

تو یہ جانیں کہ آپ آئی فون کے والیوم بٹنز کو کن مقاصد کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔

تصاویر کھینچیں

والیوم بٹنز کو آپ تصاویر لینے کے لیے بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

جی ہاں واقعی آپ والیوم بٹنز سے فرنٹ اور بیک کیمروں سے تصاویر کھینچ سکتے ہیں۔

بس کیمرا ایپ اوپن کریں اور کسی ایک والیوم بٹن کو کلک کرکے تصویر کھینچ لیں یا پینوراما موڈ بھی اسٹارٹ کرسکتے ہیں۔

پینوراما موڈ کو آپ دوسری بار والیوم بٹن دبا کر ختم کرسکتے ہیں۔

ویڈیو بنائیں

اسی طریقے سے آپ ویڈیوز بھی بنا سکتے ہیں، بس کیمرا ایپ میں ویڈیو موڈ کو آن کرکے کسی بھی والیوم بٹن کو دبائیں۔

دوسری بار والیوم بٹن دبانے سے ویڈیو رک جائے گی یا ویڈیو بناتے ہوئے بٹن کو مسلسل دبا کر رکھیں اور جب ریکارڈنگ روکنی ہو تو بٹن سے انگلی ہٹا لیں۔

دستاویزات اسکین کریں

آپ کے آئی فون میں ڈاکومنٹ اسکینر ہوتا ہے جو مختلف ایپس جیسے فائلز، میل، نوٹس اور ریمائنڈر وغیرہ کے ساتھ کام کرتا ہے۔

چونکہ اسکیننگ کے لیے کیمرا ایپ کو استعمال کیا جاتا ہے تو آپ اسکین کرتے ہوئے اسکرین پر شٹر بٹن کی بجائے والیوم بٹن کو بھی اس مقصد کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔

الارم کلاک بند کریں

اگر آپ آئی فون کو الارم کلاک کے طور پر بھی استعمال کرتے ہیں تو یہ ٹِرک ضرور معلوم ہونی چاہیے جس کے بعد ہر صبح اسکرین پر Snooze بٹن ڈھونڈنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

بس والیوم بٹن کلک کرکے ہی آپ الارم کو بند کرسکتے ہیں، بس آپ کو الارم کے لیے اس فنکشن کو ان ایبل کرنا ہوگا۔

فیکٹری ری سیٹ کریں

اگر آپ کا فون ہینگ ہوگیا ہے اور اسے ری اسٹارٹ کرنے کا کوئی طریقہ سمجھ نہیں آرہا تو آپ والیوم بٹنز کو ڈیوائس فیکٹری ری سیٹ کرنے کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔

اس مقصد کے لیے پہلے والیوم اپ بٹن کلک کریں اور پھر والیوم ڈاؤن بٹن، اس کے بعد سائیڈ لاک بٹن کو اس وقت تک دبا کر رکھیں جب تک سیاہ پس منظر میں ایپل لوگو نمودار نہیں ہوتا۔

جب آپ کی لاک اسکرین دوبارہ نظر آئے گی تو اس کا مطلب ہوگا کہ فون ہارڈ ری سیٹ ہوگیا۔

یہ خیال رہے کہ ایسا کرنے سے فون کا تمام ڈیٹا ڈیلیٹ ہو جائے گا۔

فیس آئی ڈی یا ٹچ آئی ڈی فوری ٹرن آف کریں

آپ عارضی طور پر فیس آئی ڈی کو آئی فون ان لاک کرنے سے روک سکتے ہیں۔

اس مقصد کے لیے سائیڈ لاک بٹن اور کسی بھی ایک والیوم بٹن کو بیک وقت 2 سیکنڈز کے لیے دبا کر رکھیں۔

ایسا کرنے سے ایک سلائیڈر نمودار ہوگا جس کے بعد فوری طور پر سائیڈ بٹن کو دبانے سے آئی فون فوری لاک ہو جائے گا۔

ان کمنگ کال کو سائیلنس کریں

مصروفیت کے باعث کسی کال کو سائیلنس کرنا چاہتے ہیں تو جب بھی کال آئے، کسی بھی ایک والیوم بٹن کو کلک کر دیں۔

یہ طریقہ کار عام کالز کے ساتھ ساتھ فیس ٹائم کالز پر بھی کام کرتا ہے جبکہ اس سے آپ وائبریٹ موڈ پر کام کرنے والے آئی فون کی وائبریشن بھی روک سکتے ہیں۔

مزید خبریں :