04 ستمبر ، 2024
پشاور: بنگلادیش کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش ہونے پر پی ٹی آئی بھی خاموش نہ رہ سکی۔
پی ٹی آئی رہنما اور خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ بنگلادیش کے ہاتھوں اپنے ہی ملک میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا ہے، شہباز شریف حکومت میں شرمندگی کے نئے ریکارڈ بن رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محسن نقوی اورجعلی حکومت کی ترجیحات صرف پی ٹی آئی کارکنوں کی پکڑدھکڑ ہے، محسن نقوی کو بورڈ چیئرمین شپ الیکشن میں بدترین دھاندلی کےانعام میں ملی، کرکٹ کی بہتری محسن نقوی کی ترجیحات میں شامل ہی نہیں ہے۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ میں بدترین کارکردگی کےبعد محسن نقوی نےٹیم میں سرجری کا شوشہ چھوڑا تھا، اسی دن میں نےکہا تھا کہ سرجری فارم 47 حکومت کی ہونی چاہیے، فارم 47 کی جعلی حکومت نےکرکٹ کے میدانوں کو بھی سیاست کی نذر کیا ہے جب کہ ارشد ندیم نے اپنی ہی محنت پر ریکارڈ بنایا تھا، اس میں حکومت کا کوئی کردار نہیں۔
یاد رہے کہ بنگلادیش نے پاکستان کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے پہلے میچ میں 10 اور دوسرے میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں وائٹ واش کیا۔