05 ستمبر ، 2024
بھارت: اسکول میں سخت سزاؤں پر طالبات نے احتجاج کرتے ہوئے پنکھے اور کھڑکیاں توڑ دیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھوپال میں قائم سروجنی نائیڈو گرلز ہائر سیکنڈری اسکول کی طالبات نے انتظامیہ کی سختیوں سے تنگ آکر اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔
طالبات نے احتجاج کرتے ہوئے کلاس رومز کے پنکھے اور کھڑکیاں توڑ دیں جب کہ دیگر سامان کو بھی نقصان پہنچایا۔
طالبات نے الزامات لگائے کہ اسکول انتظامیہ اور ٹیچر کی جانب سے کلاس رومز کی صفائی اور اسکول کے گارڈن کی کٹائی کرنے پر زور دیا جاتا تھا، اس کے علاوہ چھوٹی غلطیوں پر سخت سزائیں دی جاتی تھیں، اسکول میں 5 منٹ تاخیر سے آنے پر تپتی دھوپ میں کھڑا رکھا جاتا تھا۔
دوسری جانب اسکول انتظامیہ نے طالبات کے الزامات کی تردید کی ہے اور اساتذہ نے یہ مؤقف اپنایا کہ انہیں طلبہ کو سزا دینے کی اجازت ہی نہیں ہے، اسکول میں نظم و ضبط کیلئے ایک سابق فوجی کی خدمات حاصل کی گئی تھیں۔
اسکول کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے پرنسپل کا کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران اگلے قدم کا فیصلہ کریں گے۔