05 ستمبر ، 2024
کہا جاتا ہے کہ دودھ ہڈیوں کو مضبوط بنانے اور انہیں امراض یا کمزوری سے بچانے کے لیے بہترین غذا ہے۔
مگر بیشتر افراد کو دودھ پینا پسند نہیں ہوتا تو اچھی خبر یہ ہے کہ ایک آسانی سے دستیاب پھل اس حوالے سے مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
یہ پھل ہے خشک آلو بخارے جن کو کھانے کی عادت ہڈیوں کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ انہیں مختلف امراض سے بھی بچا سکتی ہے۔
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آئی۔
پنسلوانیا اسٹیٹ یونیورسٹی کی تحقیق میں عندیہ دیا گیا کہ روزانہ صرف 4 خشک آلو بخارے کھانے کی عادت ہڈیوں کو مضبوط بناتی ہے جبکہ مختلف امراض سے تحفظ فراہم کرتی ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ یہ پھل ہڈیوں کے فریکچر اور عمر کے ساتھ ہڈیوں کے حجم میں آنے والی کمی کا خطرہ کم کر دیتا ہے۔
درمیانی عمر کے افراد خاص طور پر خواتین میں ہڈیوں کی کمزوری ایک عام مسئلہ ہے جس سے ہڈیوں کے بھربھرے پن کا خطرہ بڑھتا ہے۔
ہڈیوں کے بھربھرے پن کے مرض کا ابھی کوئی علاج موجود نہیں مگر خشک آلو بخارے کھا کر ہڈیوں کی اچھی صحت کو یقینی بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
اس تحقیق میں درمیانی عمر کی خواتین کو شامل کیا گیا اور ان کے 3 گروپس بنائے گئے۔
ایک گروپ کو اس پھل سے دور رہنے کا مشورہ دیا گیا جبکہ دوسرے گروپ کو روزانہ 4 سے 6 خشک آلو بخارے جبکہ تیسرے گروپ کو 10 سے 12 خشک آلو بخارے کھانے کی ہدایت کی گئی۔
ایک سال تک ان کی صحت کا جائزہ لیا گیا اور نتائج سے معلوم ہوا کہ خشک آلو بخارے سے دور رہنے والی خواتین کی ہڈیوں کا حجم گھٹ گیا جبکہ وہ زیادہ کمزور ہوگئیں۔
اس کے مقابلے میں روزانہ خشک آلو بخارے کھانے والی خواتین کی ہڈیوں کا حجم، مضبوطی اور ساخت بہتر ہوئے۔
محققین کے مطابق روزانہ صرف 4 سے 6 خشک آلو بخارے کھانے سے ہی ہڈیوں کی صحت میں نمایاں بہتری آجاتی ہے۔
اگرچہ 10 سے 12 خشک آلو بخارے کھانے سے بھی ہڈیوں کو فائدہ ہوتا ہے مگر اس سے نظام ہاضمہ پر منفی اثرات مرتب ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل نیوٹریشن میں شائع ہوئے۔
اس سے قبل اسی یونیورسٹی کی 2 تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ روزانہ خشک آلو بخارے کھانے سے ہڈیوں کی کمزوری اور حجم میں کمی کی روک تھام ممکن ہوسکتی ہے۔
ان تحقیقی رپورٹس میں 235 خواتین کو شامل کیا گیا تھا۔
پہلی تحقیق میں ورم اور ہڈیوں کی صحت کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ ورم اور تکسیدی تناؤ ہڈیوں کی صحت پر منفی اثرات مرتب کرتے ہیں، جیسے ہڈیوں کا حجم گھٹنے لگتا ہے۔
دوسری تحقیق میں خشک آلو بخارے کھانے کی عادت سے ہڈیوں پر مرتب اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
اس مقصد کے لیے 4 گروپس بنائے گئے جن میں سے ایک کو اس پھل سے دور رکھا گیا، دوسرے گروپ کو روزانہ 5 سے 6 اور تیسرے گروپ کو روزانہ 10 سے 12 خشک آلو بخارے کھانے کی ہدایت کی گئی۔
چوتھے گروپ میں شامل کچھ خواتین کو روزانہ 5 سے 6 جبکہ کچھ کو روزانہ 10 سے 12 خشک آلو بخارے کھانے کی ہدایت کی گئی۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ خشک آلوبخارے کھانے سے ہڈیوں کی صحت بہتر ہوتی ہے۔
اسی طرح 2023 میں امریکن سوسائٹی آف نیوٹریشن کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ایک تحقیق کے نتائج پیش کیے گئے جس کے مطابق خشک آلو بخارے کا استعمال عادت بنانے سے مردوں میں صحت کے لیے مفید کولیسٹرول کی سطح بہتر ہوتی ہے، تکسیدی تناؤ گھٹ جاتا ہے اور ورم میں بھی کمی آتی ہے۔