01 ستمبر ، 2024
آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقوں کی موجودگی ایک عام مسئلہ ہے اور اکثر اس کے ساتھ وہ حصہ پھول بھی جاتا ہے یا یوں کہہ لیں کہ سوج جاتا ہے۔
اکثر یہ سیاہ حلقے تشویش کا باعث نہیں ہوتے اور کسی قسم کا علاج کرانے کی ضرورت بھی نہیں ہوتی۔
ہوسکتا ہے کہ یہ حلقے آپ کو پریشان کریں مگر حقیقت تو یہ ہے کہ ان کی موجودگی انسانی شخصیت کے لیے معمول کا حصہ ہے۔
عموماً آنکھوں کے نیچے موجود سیاہ حلقوں کو تھکاوٹ کا نتیجہ قرار دیا جاتا ہے مگر نیند کی کمی، تناؤ، تمباکو نوشی، پانی کی کمی یا سورج میں زیادہ گھومنے اور خاندان میں تاریخ جیسی وجوہات بھی اس مسئلے کا باعث بنتی ہیں۔
مگر اچھی بات یہ ہے کہ ان حلقوں سے نجات پانا زیادہ مشکل نہیں اور چند آسان طریقوں سے ایسا ممکن ہے۔
ایلو ویرا جیل ٹھنڈک فراہم کرتا ہے جبکہ اس سے جِلد کی نمی بحال ہوتی ہے۔
یہ دونوں خصوصیات آنکھوں کے سیاہ حلقوں سے نجات دلانے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔
ان دونوں سے آنکھوں کے گرد سوجن گھٹ جاتی ہے جبکہ حلقوں کی سیاہ رنگت میں ہلکی ہو جاتی ہے۔
کھیروں کے ٹکڑے آنکھوں پر لگانے سے بھی آنکھوں کے سیاہ حلقوں کی رنگت کو مدھم کرنے میں مدد ملتی ہے۔
اس کی وجہ تو واضح نہیں مگر ممکنہ طور پر کھیروں کے ٹکڑوں کی ٹھنڈک سے آنکھوں کی سوجن میں کمی آتی ہے۔
ایسا بھی مانا جاتا ہے کہ کھیروں میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس بھی حلقوں کی سیاہ رنگت کو ماند کر دیتے ہیں جبکہ سوجن بھی گھٹ جاتی ہے۔
کھیروں کی طرح ٹی بیگز سے بھی یہ فائدہ ہو سکتا ہے۔
اس مقصد کے لیے ٹی بیگز کو فریج میں رکھ کر ٹھنڈا کریں اور پھر آنکھوں پر 5 منٹ کے لیے رکھ دیں۔
ایسا کرنے سے آنکھوں کے گرد خون کا بہاؤ بہتر ہوتا ہے اور سیال کی مقدار گھٹ جاتی ہے، جس سے سیاہ حلقوں سے نجات پانے میں مدد ملتی ہے۔
ہلدی ورم کش ہوتی ہے اور اسی وجہ سے یہ آنکھوں کے گرد سیاہ حلقوں سے نجات دلانے کے لیے مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔
اس کے استعمال سے آنکھوں کے گرد سوجن گھٹ جاتی ہے جبکہ حلقوں کی سیاہ رنگت کافی حد تک ہلکی ہو جاتی ہے۔
عرق گلاب بھی اس حوالے سے مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
عرق گلاب کے استعمال سے جِلد کو سکون ملتا ہے جبکہ اس میں موجود ٹھنڈک سیاہ حلقوں کو کم کرتی ہے۔
ناقص نیند یا نیند کی کمی کے باعث آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے نمودار ہو جاتے ہیں تو اس کا حل بھی آسان ہے۔
اچھی نیند کو یقینی بنانے سے آنکھوں کے گرد بننے والے حلقوں کی رنگت کو مدھم کرنا ممکن ہوتا ہے۔
جسم میں پانی کی کی یا ڈی ہائیڈریشن بھی آنکھوں کے گرد سیاہ حلقوں کا باعث بننے والا ایک اہم عنصر ہے۔
زیادہ مقدار میں پانی پینے سے بھی اس مسئلے سے نجات پانے میں مدد مل سکتی ہے جبکہ چائے، دودھ اور جوسز کا استعمال بھی فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔
نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔