Time 06 ستمبر ، 2024
کھیل

اولمپکس مقابلوں کے فائنل میں پہنچنے والی بھارتی ریسلر ونیش پھوگاٹ کانگریس میں شامل

اولمپکس مقابلوں کے فائنل میں پہنچنے والی بھارتی ریسلر ونیش پھوگاٹ کانگریس میں شامل
ونیش پھوگاٹ اور بجرنگ پونیا اگلے ماہ بھارتی ریاست ہریانہ میں ہونے والے ریاستی انتخابات میں حصہ لیں گے/ فائل فوٹو

نئی دہلی: اولمپکس ریسلنگ مقابلوں کے فائنل میں پہنچنے والی بھارتی خاتون ریسلر ونیش پھوگاٹ نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پیرس اولمپکس کے فائنل میں جگہ بنانے والی ونیش پھوگاٹ اور ریسلر بجرنگ پونیا نے انڈین نیشنل کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ دونوں ریسلرز نے 2 دن قبل بھارتی اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی سے ملاقات کی جس کے بعد کانگریس میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔

ونیش پھوگاٹ اور بجرنگ پونیا اگلے ماہ بھارتی ریاست ہریانہ میں ہونے والے ریاستی انتخابات میں حصہ لیں گے اور اس کے لیے ونیش پھوگاٹ نے ریلوے کی ملازمت سے بھی استعفیٰ دے دیا ہے۔

یاد رہے کہ ونیش ڈیڑھ سال تک مشکلات میں رہیں، بھارتی ریسلنگ فیڈریشن عہدیداروں پر ہراسانی کے الزامات کے بعد مظاہروں میں اہم کردار ادا کیا۔

ونیش فٹ پاتھ پر سوئیں، پولیس کے ڈنڈے کھائے، میڈلز گنگا میں بہانے کا ارادہ بھی بنایا، بھارتی حکمران جماعت بی جے پی نے بھی ان پر وار کیے،گھٹنے کی انجری کا شکار بھی رہیں لیکن سب سے نکل کر دشوار گزار کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلے۔

ونیش نے تمام تر رکاوٹوں کو پار کرکے اولمپکس میں جگہ بنائی اور وہ اولمپکس کے ویمن ریسلنگ ایونٹ کے فائنل میں پہنچنے والی پہلی بھارتی ایتھلیٹ تھیں۔ 

مزید خبریں :