09 ستمبر ، 2024
واٹس ایپ میں بہت جلد ایسے فیچر کا اضافہ ہونے والا ہے جس کا صارفین نے پہلے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا۔
میٹا کی جانب سے واٹس ایپ اور میسنجر میں تھرڈ پارٹی چیٹس کے فیچر کے بارے میں تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔
یہ واٹس ایپ کا ایسا فیچر ہے جس کے ذریعے صارفین دیگر میسجنگ ایپس جیسے ٹیلی گرام اور سگنل وغیرہ پر بھی دوستوں سے چیٹ کر سکیں گے۔
یہ فیچر آنے والے ہفتوں میں صرف یورپی یونین کے صارفین کو دستیاب ہوگا جو میسنجر اور واٹس ایپ کے اندر ہی دیگر میسجنگ ایپس میں چپٹ کرسکیں گے۔
کمپنی کی جانب سے میسنجر اور واٹس ایپ کے لیے نیا نوٹیفکیشن سسٹم تیار کیا جا رہا ہے جس سے صارفین کو علم ہوگا کہ وہ اپنی چیٹس کو دیگر تھرڈ پارٹی ایپس سے لنک کر سکتے ہیں۔
میٹا نے بتایا کہ انٹرپورٹ ایبلٹی سپورٹ صرف بنیادی فیچرز تک محدود نہیں ہوگی بلکہ ری ایکشنز، ڈائریکٹ ریپلائیز، ٹائپنگ انڈیکٹرز اور ریڈ رسیپٹس جیسے میسجنگ فیچرز بھی صارفین کو دستیاب ہیں۔
اسی طرح اگلے سال سے تھرڈ پارٹی چیٹس میں دیگر افراد کے ساتھ گروپس بنانے کا آپشن بھی فراہم کیا جائے گا۔
کمپنی کی جانب سے تھرڈ پارٹی ویڈیو اور وائس کالز سپورٹ بھی 2027 تک فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ میٹا کی جانب سے واٹس ایپ اور میسنجر میں تھرڈ پارٹی چیٹس کا فیچر متعارف کرانے کے لیے گزشتہ کئی ماہ سے کام کیا جارہا ہے۔
کمپنی کی جانب سے یورپی یونین کے ڈیجیٹل مارکیٹس ایکٹ پر عملدرآمد کے لیے تھرڈ پارٹی چیٹ آپشن پر کام کیا جار ہا ہے۔
اس نئے ایکٹ کے تحت میسجنگ سروسز کو کراس پلیٹ فارم میسجنگ کے فیچر کو یقینی بنانا ہوگا۔