Time 13 ستمبر ، 2024
پاکستان

نمبر پورے ہیں، کل قومی اسمبلی میں آئینی ترمیم پیش کریں گے: خواجہ آصف

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ کل قومی اسمبلی میں آئینی ترمیم  پیش کی جائے گی۔ 

آج پارلیمنٹ کی راہداری میں غیر رسمی گفتگوکرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ کل قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا جا رہا ہے جس پر صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ کیا کل کے اجلاس میں آئینی ترامیم لائی جا رہی ہیں؟

خواجہ آصف نے جواب دیا کہ جی کل اجلاس میں آئینی ترامیم پیش کریں گے، صحافی کی جانب سے دوسرا سوال کیا گیا کہ کیا آئینی ترمیم کے لیے نمبر پورے ہیں، جس پر خواجہ آصف نے کہا کہ جی ہمارے پاس آئینی ترمیم کے لیے نمبر پورے ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کل آئینی ترمیم پیش کیے جانے کی تردید کردی۔

صحافی کی جانب سے آئینی ترمیم پیش کیے جانے کے سوال پر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ فی الحال جو اپوزیشن کے ایم این ایز کا مسئلہ پڑا ہوا ہے اس پربات چیت ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو گرفتاریاں ہوئی ہیں اس پر وزیر داخلہ کو بھی بلایا ہے، اس مسئلے پربھی وہ کہہ رہےہیں کہ پروڈکشن آرڈر رہیں گے، اجلاس رہے گا توپروڈکشن آرڈر رہے گا۔

صحافی کی جانب سے اعظم نذیر تارڑ سے پوچھا گیا کہ کیا کل کوئی آئینی ترمیم آرہی ہے؟جس پر اعظم نذیر تارڑ نے جواب دیا کہ نہیں، مجھ سے زیادہ تو آپ کوپتا ہے۔

مزید خبریں :