Time 16 ستمبر ، 2024
سائنس و ٹیکنالوجی

ایپل کے نئے آئی او ایس 18 کے چند خاص فیچرز کے بارے میں جانیں

ایپل کے نئے آئی او ایس 18 کے چند خاص فیچرز کے بارے میں جانیں
یہ نیا آپریٹنگ سسٹم 16 ستمبر سے صارفین کو دستیاب ہوگا / فوٹو بشکریہ ایپل

ایپل کے اسمارٹ فونز کے موبائل آپریٹنگ سسٹم کا نیا ورژن آئی او ایس 18 متعارف کرایا جا رہا ہے جو 16 ستمبر سے صارفین کو دستیاب ہوگا۔

اس نئے آپریٹنگ سسٹم میں ایپل انٹیلی جنس سمیت متعدد نئے فیچرز صارفین کو دستیاب ہوں گے۔

یہ آپریٹنگ سسٹم بیٹا ورژن میں جون 2024 میں جاری کیا گیا تھا اور ستمبر کے شروع میں آئی فون 16 سیریز کے ساتھ اس کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔

آئی او ایس 18 کے چند اہم فیچرز درج ذیل ہیں۔

ایپل انٹیلی جنس

آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی ایپل انٹیلی جنس ماڈل آئی او ایس 18 کا خاص حصہ ہے۔

ایپل انٹیلی جنس صارفین کو متعدد شعبوں میں مدد فراہم کرے گا جیسے رائٹنگ ٹولز سے آپ کو مواد کی تصحیح اور انہیں دوبارہ تحریر کرنے میں مدد ملے گی جبکہ میسجز اور ای میلز کی سمری کا حصول بھی ممکن ہوگا۔

تصاویر بنانے کا آپشن بھی ایپل انٹیلی جنس میں دیا جا رہا ہے، مثال کے طور پر امیج وانڈ نامی ٹول سے آپ سادہ خاکوں کو آرٹ ورک میں تبدیل کر سکیں گے۔

ایپل کی جانب سے اوپن اے آئی کے چیٹ جی پی ٹی کو Siri اور رائٹنگ ٹولز کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔

مگر ایپل انٹیلی جنس پر مبنی فیچرز صرف آئی فون 16 اور 15 سیریز کے ماڈلز میں چند ماہ بعد دستیاب ہوں گے،

فوٹوز اور میسجز

آئی او ایس 18 میں آپ فوٹوز ایپ کے اندر مختلف ٹاپکس میں براؤز کرسکیں گے کیونکہ اب اس میں میڈیا لائبریری خودکار طور پر آرگنائز ہوگی۔

یہ نیا آپریٹنگ سسٹم آپ کی ترجیحات کے مطابق کلیکشنز کو ترتیب دے گا تاکہ آپ کے لیے مختلف موضوعات پر مبنی تصاویر کو تلاش کرنا آسان ہوجائے۔

میسجز میں تحریری جملوں اور ایموجیز کو آئی میسج میں اینیمیٹڈ شکل میں استعمال کرنا ممکن ہوگا۔

اسی طرح آپ کسی میسج کو شیڈول بھی کرسکیں گے جو آپ کے طے کردہ وقت پر سینڈ ہوگا۔

سفاری اور میپس

ایپل کے ویب براؤزر سفاری کو بھی ری ڈیزائن کیا جا رہا ہے۔

سب سے بڑی اپ ڈیٹ ہائی لائٹس کے نام سے کی جا رہی ہے جس سے خودکار طور پر کسی ویب پیج پر براؤزنگ کے دوران متعلقہ تفصیلات ہائی لائٹ ہو جائے گی۔

ایپل میپس کو اب topographic میپس میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔

زیادہ بہتر پرائیویسی کنٹرول

آئی او ایس 18 میں نئے پرائیویسی اور سکیورٹی ٹولز متعارف کرائے جا رہے ہیں۔

مثال کے طور پر اب آپ فیصلہ کرسکیں گے کہ کونسے کانٹیکٹس کسی ایپ میں آپ کے ساتھ مواد شیئر کر سکیں گے۔

ایپل کے مطابق بلیو ٹوتھ ڈیوائسز کے حوالے سے بھی سکیورٹی کو بہتر کیا جا رہا ہے جبکہ آپ کسی بھی ایپ تک رسائی فیس آئی ڈی، ٹچ آئی ڈی یا پاس کوڈ سے مشروط کرسکیں گے۔

ہوم اسکرین کو بہتر بنائیں

آئی او ایس 18 میں آپ ہوم اسکرین گرڈ میں ایپ آئیکونز کو کسی بھی جگہ رکھ سکیں گے جبکہ ڈارک اور Tinted آپشنز بھی ایپ آئیکونز کو ری لوکیٹ کرنے کے لیے متعارف کرائے گئے ہیں۔

ری ڈیزائن کنٹرول سینٹر

آئی او ایس 18 میں کنٹرول سینٹر کو ری ڈیزائن کیا جا رہا ہے۔

اس میں آپ متعدد پیجز میں کنٹرولز کو ری ارینج اور ری سائز کرسکیں گے۔

گیم موڈ

ایپل نے آئی فونز کے لیے بھی گیم موڈ متعارف کرایا ہے جس کو ٹرن آن کیے جانے پر بیک گراؤنڈ سرگرمیاں محدود ہوجائیں گی تاکہ گیمز کھیلتے ہوئے ہائی فریم ریٹس برقرار رہ سکے۔

آئی او ایس 18 کن آئی فونز کے لیے دستیاب ہوگا؟

ایپل کا نیا آپریٹنگ سسٹم صرف آئی فون ایکس ایس یا اس کے بعد کے ماڈلز کے لیے دستیاب ہوگا اور 2017 یا اس سے پہلے کے فونز میں اسے اپ ڈیٹ نہیں کیا جاسکے گا۔

یعنی آئی فون ایکس ایس، ایکس ایس میکس، ایکس آر، آئی فون 11، 11 پرو، 11 پرو میکس، آئی فون 12، 13، 14 اور 15 سیریز کے فونز میں اس نئے آپریٹنگ سسٹم کو استعمال کرنا ممکن ہوگا۔

البتہ اگر آپ آئی فون ایکس (یا 10) استعمال کررہے ہیں تو اب آپ کے لیے ایپل کی سافٹ وئیر اپ ڈیٹس دستیاب نہیں ہوں گی۔

مزید خبریں :