Time 16 ستمبر ، 2024
دنیا

یورپ میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری، ہلاکتوں کی تعداد 15 ہوگئی

یورپ میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری، ہلاکتوں کی تعداد 15 ہوگئی
سیلابی ریلوں کے باعث مختلف شہروں میں آبادیاں زیر آب آچکی ہیں جب کہ ہزاروں افراد اپنے گھروں کو چھوڑنے پر مجبور ہوگئے ہیں: فوٹو: این پی آر

وسطی  یورپ میں واقع ممالک ان دنوں بدترین سیلاب سے متاثر ہیں اور اب تک 15 افراد سیلاب سے ہونے والے حادثات  میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ 

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق وسطی یورپ میں واقع ممالک چیک ریپبلک، پولینڈ، رومانیہ اور  آسٹریا کو شدید بارشوں کے بعد ان دنوں بدترین سیلاب کا سامنا ہے اور اب تک سیلاب کے باعث ہونے والے حادثات میں 15 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ 

خبر کے مطابق سیلابی ریلوں کے باعث مختلف شہروں میں آبادیاں زیر آب آچکی ہیں جب کہ ہزاروں لوگ اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور ہوگئے ہیں اور محفوظ مقامات کی طرف ہجرت کر رہے ہیں۔ 

غیر ملکی میڈیا کے مطابق چیک ریپبلک میں سیلابی پانی میں ڈوب کر ایک شخص کی ہلاکت ہوئی اور 7 افراد لاپتہ ہوگئے جب کہ رومانیہ میں امدادی کاموں کے دوران ایک ریسکیو ورکر کی ہلاکت ہوئی، اس سے قبل بھی 3 افراد مختلف واقعات میں ہلاک ہوچکے ہیں۔ 

پولینڈ میں بھی سیلابی ریلوں کے باعث پیش آنے والے مختلف واقعات میں 4 افراد ہلاک ہوئے، آسٹریا میں 2 افراد کی ہلاکت ہوئی۔ 

رپورٹ کے مطابق حالیہ بارشیں جو سیلاب کا باعث بنی ہیں ان میں سب سے زیادہ بارش چیک ریپبلک کے شہر جیسینک میں ریکارڈ کی گئی جہاں گزشتہ کچھ دنوں میں 470 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوئی۔ 

مزید خبریں :