Time 18 ستمبر ، 2024
کھیل

پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کیلئے تیاریاں تیز، آئی سی سی وفد کا نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا دورہ

پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کیلئے تیاریاں تیز، آئی سی سی وفد کا نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا دورہ
آئی سی سی کا 5 رکنی وفد 4 روزہ دورہ پاکستان پر آیا ہوا ہے جس نے نیشنل اسٹیڈیم سے اپنے دورے کا آغاز کیا/ فوٹو جیو نیوز

کراچی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے وفد نے چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے نیشنل اسٹیڈیم  کا دورہ کیا۔

آئی سی سی کا 5 رکنی وفد 4 روزہ دورہ پاکستان پر آیا ہوا ہے جس نے نیشنل اسٹیڈیم سے اپنے دورے کا آغاز کیا۔

آئی سی سی کے وفد میں سکیورٹی مینیجر ڈیوڈ مسکر، ایونٹ مینیجر سارا ایڈگر، جی ایم کرکٹ وسیم خان، ایونٹ مینیجر عون زیدی اور براڈ کاسٹر کنسلٹنٹ منصور منج شامل تھے۔

وفد نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا، تعمیراتی کام کی تصاویر اور ویڈیو بھی بنائیں۔

ڈائریکٹر انٹرنیشنل عثمان واہلہ اور سینئر جنرل مینیجر نیشنل اسٹیڈیم ارشد خان نے وفد کو تعمیراتی کام پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

اس کے علاوہ  5 رکنی وفد راولپنڈی اسٹیڈیم اور قذافی اسٹیڈیم لاہور کا بھی دورہ کرے گا اور 21 ستمبر کو دبئی روانہ ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ اپریل میں بھی آئی سی سی کے 3 رکنی وفد نے پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات کا جائزہ لیا تھا جب کہ  چیمپئنز ٹرافی آئندہ سال فروری میں پاکستان میں شیڈول ہے۔


مزید خبریں :