20 ستمبر ، 2024
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس نے آج کاروبار کا اختتام ریکارڈ بلندی پر کیا۔
آج کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 615 پوائنٹس کے اضافے سے 82 ہزار 74 پوائنٹس پر بند ہوا۔
معاشی تجزیہ نگار عبدالرحمان کے مطابق آئندہ ہفتے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ طے ہوجانے کی توقعات پر بازار میں خریداری کا رجحان ہے، انڈیکس نے آج اپنی تاریخی بلند ترین سطح کو مزید 368 پوائنٹس بڑھا کر کے 82 ہزار 372 کیا ہے۔
بازار میں آج 48 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے جو اگست کے اوسط کاروباری حجم سے 20 فیصد کم ہے۔
معاشی تجزیہ نگار عبدالرحمان کے مطابق آئندہ ہفتے پیر کے روز فٹ سی اپنے انڈیکس کی ری بیلنسنگ کرے گا جس کی وجہ سے مارکیٹ میں گزشتہ 3 روز سے پچاس کروڑ سے کم شیئرز کے سودے ہوئے ہیں۔
عبدالرحمان کے مطابق آج ہوئے کاروبار کی مالیت رواں مالی سال میں بلند ترین 30 ارب روپے رہی جو بڑے اسٹاک میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی کو ظاہر کرتی ہے۔
مارکیٹ کیپٹلائزیشن کاوربار اختتام تک 57 ارب روپے بڑھ کر 10 ہزار 723 ارب روپے ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس میں 1500 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا تھا اور انڈیکس نے 82 ہزار کی حد عبور کی تھی جو ایک نیا ریکارڈ تھا۔
گزشتہ روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے حوالے سے بلوم برگ کی رپورٹ بھی سامنے آئی تھی جس میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو سال 2024 میں دنیا کی بہترین مارکیٹ قرار دیا گیا تھا۔