20 ستمبر ، 2024
کسی بھی فلم انڈسٹری میں ہٹ فلم کا اندازہ اس کی باکس آفس پر کمائی سے لگایا جاتا ہے، آج کل بالی وڈ میں 500 کروڑ یا اس سے زائد کا بزنس کرنا کوئی اتنی بڑی بات نہیں ہے۔
آج معمولی فلم بھی کم سے کم 100 کروڑ کی کمائی تو کرہی لیتی ہے لیکن اگر 2 سے 3 دہائی پہلے کی بات کی جائے تو کوئی فلم 50 کروڑ بھی کمالے تو اسے سپر ہٹ تصور کیا جاتا تھا۔
خیال کیا جاتا ہے کہ90 کی دہائی میں سلمان خان کی فلم 'ہم آپ کے ہیں کون؟' سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم تھی اور اسی نے 100 کروڑ روپے کمائی کرنے والی پہلی بالی وڈ فلم کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
لیکن آپ کو بتاتے چلیں کہ اس میں بالکل سچائی نہیں ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نہ سلمان خان، شاہ رخ خان، عامر خان نہ امیتابھ بچن، ان میں سے کسی بھی اداکار کی فلم نے 100 کروڑ روپے کمانے والی پہلی بالی وڈ فلم کا اعزاز حاصل نہیں کیا تھا بلکہ یہ کارنامہ 80 کی دہائی میں اداکار متھن چکرورتی نے سر انجام دیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 1982 میں ریلیز ہونے والی متھن چکرورتی کی سپر ہٹ فلم 'ڈسکو ڈانسر' پہلی بھارتی فلم تھی جس نے مجموعی طور پر 100کروڑ روپے کی کمائی کی تھی۔
رپورٹ کے مطابق اس فلم نے بھارت سمیت اس وقت کے سوویت یونین میں کامیابی کے نئے ریکارڈ بنائے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق متھن چکرورتی کی فلم 'ڈسکو ڈانسر ' نے بھارت سے مجموعی طور پر اس زمانے میں 6 کروڑ روپے کی کمائی کی تھی لیکن جب اس فلم کو سوویت یونین میں 1984 کو ریلیز کیا گیا تو وہاں اس فلم کی 12 کروڑ سے زیادہ صرف ٹکٹس فروخت ہوئی تھیں۔
اس فلم نے سوویت یونین سے تقریباً 95 کروڑ روپے کا بزنس کیا تھا جس کے بعد ڈسکو ڈانسربھارت سمیت پوری دنیا سے مجموعی طور پر 100 کروڑ روپے کمائی کرنے والی پہلی بھارتی فلم بنی۔
جہاں اس فلم سے پروڈیوسر کی چاندی ہوئی وہیں متھن چکرورتی بھی شہرت کی نئی بلندیوں پر پہنچے۔