20 ستمبر ، 2024
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سینیئر بیٹر اور سابق کپتان ویرات کوہلی بنگلادیش کے خلاف چنئی ٹیسٹ میں اپنی بڑی غلطی کی وجہ سے وکٹ گنوا بیٹھے۔
بنگلادیش اور بھارت کے درمیان چنئی میں پہلا ٹیسٹ میچ جاری ہے۔
کھیل کے دوسرے روز بنگلادیشی ٹیم بھارت کے پہلی اننگز میں 376 رنز کے جواب میں 149 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
بھارت نے بنگلادیش کے خلاف اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو کپتان روہت شرما اور جیسوال جلدی آؤٹ ہوگئے۔
2 وکٹیں گرنے کے بعد سینیئر بیٹر ویرات کوہلی کریز پر موجود تھے، جب وہ 17 رنز پر پہنچے تو بنگلادیشی بولر مہدی حسن کی گیند بظاہر ان کے بیڈ پر لگی اور بولر نے ایل بی ڈبلیو کی اپیل کی جس پر امپائر نے انہیں آؤٹ دیا۔
تاہم کوہلی امپائر کے فیصلے سے مطمئن دکھائی نہیں دیے اور ساتھی بیٹر شبمن گل کے پاس گئے اور پوچھا کہ کیا انہیں ری ویو لینا چاہیے یا نہیں، کچھ سیکنڈز کی گفتگو کے بعد کوہلی نے ری ویو نہ لینے کا فیصلہ کیا اور امپائر کے فیصلے کو مانتے ہوئے کریز چھوڑ کر میدان سے باہر چلے گئے۔
دلچسپ صورتحال تب ہوئی جب وکٹ کے بعد ری پلے میں دیکھا گیا کہ گیند تو پیڈ پر لگنے سے پہلے کوہلی کے بلے کے اندرونی حصے کو چھوتے ہوئے گئی۔
یہ منظر دیکھ کر ڈریسنگ روم میں بیٹھے کپتان روہت شرما اور فیلڈ امپائر بھی حیران ہوئے کہ بلے کا اتنا بڑا حصہ لگنے کے باوجود کوہلی نے ری ویو کیوں نہیں لیا۔
سوشل میڈیا پر بھی جب کوہلی کی وکٹ کی ویڈیو وائرل ہوئی تو صارفین بھی حیران ہوئے کہ کوہلی اتنی بڑی غلطی کیسے کرسکتے ہیں، عموماً بیٹر کو پتا چل جاتا ہے جب اس کے بلے سے گیند چھوتے ہوئے پیڈ پر لگے۔
کوہلی اپنی اتنی بڑی غلطی کی وجہ سے وکٹ گنوا بیٹھے۔
واضح رہے کہ چنئی ٹیسٹ میں دوسرے دن کھیل کے اختتام پر بھارت نے دوسری اننگز میں 3 وکٹ کے نقصان پر 81 رنز بنالیے ہیں اور اسے 308 رنز کی برتری حاصل ہے۔