Time 22 ستمبر ، 2024
صحت و سائنس

بیشتر افراد کی وہ پسندیدہ غذا جو ذیابیطس جیسے مرض کا شکار بنا دیتی ہے

بیشتر افراد کی وہ پسندیدہ غذا جو ذیابیطس جیسے مرض کا شکار بنا دیتی ہے
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

ویسے تو خیال کیا جاتا ہے کہ زیادہ میٹھا کھانے سے ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔

مگر موجودہ عہد میں بیشتر افراد کی پسندیدہ غذاؤں کو کھانے سے بھی اس دائمی مرض کا خطرہ بڑھتا ہے۔

یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

آکسفورڈ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ الٹرا پراسیس غذاؤں کا زیادہ استعمال آپ کو ذیابیطس ٹائپ 2 کا شکار بنا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ الٹرا پراسیس غذائیں تیاری کے دوران متعدد بار پراسیس کی جاتی ہیں اور ان میں نمک، چینی اور دیگر مصنوعی اجزا کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جبکہ صحت کے لیے مفید غذائی اجزا جیسے فائبر کی مقدار بہت کم ہوتی ہے۔

الٹرا پراسیس غذاؤں میں ڈبل روٹی، فاسٹ فوڈز، مٹھائیاں، ٹافیاں، کیک، نمکین اشیا، بریک فاسٹ سیریلز، چکن اور فش نگٹس، انسٹنٹ نوڈلز، میٹھے مشروبات اور سوڈا وغیرہ شامل ہیں۔

اس تحقیق میں 8 یورپی ممالک سے تعلق رکھنے والے 3 لاکھ سے زائد افراد کو شامل کیا گیا تھا۔

تحقیق میں دیکھا گیا کہ الٹرا پراسیس غذاؤں کے استعمال اور ذیابیطس ٹائپ 2 کے درمیان کیا تعلق موجود ہے۔

ان افراد کی صحت کا جائزہ اوسطاً 11 سال تک لیا گیا۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ روزمرہ کی غذا میں الٹرا پراسیس غذاؤں کی مقدار میں ہر 10 فیصد اضافے سے ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کا خطرہ 17 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ الٹرا پراسیس غذاؤں کے کم از کم استعمال سے اس دائمی مرض سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔

محققین نے تسلیم کیا کہ یہ تحقیق مشاہداتی ہے، یعنی اس میں الٹرا پراسیس غذاؤں کے استعمال اور ذیابیطس ٹائپ 2 کے خطرے کے درمیان تعلق تو ثابت کیا گیا، مگر ابھی اسے مصدقہ نہیں کہا جاسکتا۔

مگر یہ پہلی تحقیق نہیں جس میں الٹرا پراسیس غذاؤں کے استعمال سے صحت پر مرتب ہونے والے منفی اثرات کے بارے میں بات کی گئی۔

محققین نے کہا کہ اب الٹرا پراسیس غذاؤں کا استعمال ہر جگہ بہت زیادہ ہو رہا ہے کیونکہ یہ غذائیں سستی ہوتی ہیں اور بیشتر افراد کو ان کا ذائقہ پسند ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ابھی وہ یہ واضح طور پر نہیں بتا سکتے کہ الٹرا پراسیس غذاؤں کے استعمال سے ذیابیطس ٹائپ 2 کا خطرہ کیوں بڑھتا ہے، مگر اس حوالے سے انہوں نے چند خیالات ضرور ظاہر کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ الٹرا پراسیس غذاؤں میں کیلوریز اور چکنائی کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے اور لوگ ضرورت سے زیادہ کیلوریز جزو بدن بنا لیتے ہیں۔

محققین کے مطابق زیادہ کیلوریز کے استعمال سے جسمانی چربی بڑھتی ہے اور یہ چربی ذیابیطس ٹائپ 2 کا خطرہ بڑھاتی ہے۔

انہوں نے مشورہ دیا کہ میٹھے مشروبات، چپس اور ایسی ہی غذاؤں سے گریز کریں، ان کی جگہ پھلوں، سبزیوں اور گریوں وغیرہ کا استعمال زیادہ کریں۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل دی لانسیٹ ریجنل ہیلتھ یورپ میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :