28 ستمبر ، 2024
اپنی اداکاری سے سب کے دلوں کو جیتنے والی اداکارہ لائبہ خان نے شوبز کو چھوڑنے کا ارادہ کرلیا۔
لائبہ خان نے کچھ سال قبل ہی اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا تھا اور انہوں نے بہت جلد بہترین اداکاراؤں کی فہرست میں شامل ہو گئیں۔
حال ہی میں اداکارہ نے ایک نجی ٹی وی کے مزاحیہ پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی سمیت کیرئیر کے حوالے سے گفتگو کی۔
اداکارہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 'میرے خاندان والوں نے مجھے کہا کہ جب تم انڈسٹری میں جا رہی ہو تو اس انڈسٹری کا نام، شہرت اورپیسے کی جب عادت لگ گئی تو چھوڑ نہیں سکو گی۔'
اداکارہ نے کہا کہ 'جب میں نے انڈسٹری میں قدم رکھا تھا تو سوچ لیا تھا کہ انڈسٹری میں 5 سال دینے ہیں اور یہ میرا 5 واں سال ہے، اب مجھے نہیں پتا آگے کیا ہوگا، میں اپنی زندگی میں جلد سیٹل ہونا چاہتی ہوں۔'
ایک سوال کا جواب دیتے ہوتے لائبہ خان نے کہا کہ 'میں ایک ایسے انسان سے شادی کرنا چاہتی ہوں جو میری عزت کرے اور اپنے گھر میں میری عزت کروائے، مجھے سپورٹ کرے اور جذباتی طور پر مجھے سمجھے۔'
انہوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ظاہری خوبصورتی مجھے متاثر نہیں کرتی، جب میں چھوٹی تھی تو مجھے خوبصورتی سے محبت تھی لیکن اب مجھے اصل محبت کا مطلب پتا چلا ہے کہ محبت میں خوبصورتی نہیں ہوتی، محبت کسی کے دل سے ہو جاتی ہے ۔